خبرنامہ

باکسرعامرخان فتح کا جشن پاکستان میں منانے کو تیار

لاہور:(ملت+اے پی پی) پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامرخان کو او ایم جی کمپنی نے دنیا کے3 ممتاز باکسرز سے مقابلہ کرنے کی پیشکش کردی، حریف کا فیصلہ جلد متوقع ہے، عالمی شہرت یافتہ باکسرنے اپریل میں ممکنہ شیڈول اگلے مقابلے میں کامیابی سمیٹنے کے بعد فتح کا جشن پاکستان میں منانے کا اعلان بھی کردیا، گذشتہ دنوں عامر نے ٹریننگ کا دوبارہ آغاز کیا۔ پاکستانی نژاد برطانوی باکسر ہاتھ کے کامیاب آپریشن کے بعد دوبارہ میدان میں آ گئے ہیں ، اب ان کی اگلی نظریں آئندہ برس اپریل میں امریکی ریاست لاس اینجلس مقابلے پر مرکوز ہیں۔ عامر خان کا کہنا ہے کہ وہ اب مکمل طور پر فٹ اور ماضی کی کارکردگی کو برقرار رکھتے ہوئے آئندہ مقابلے میں فتح کیلیے بھی پُرامید ہیں، ان کے مطابق7 ماہ کے بعد دوبارہ سے ٹریننگ کا آغازکردیا دنیا کے ممتاز باکسرز سے مقابلے کرنے کی پیشکش ہیں، اس حوالے سے جلد ہی اپنے باکسنگ منیجر سے ملوں گا۔ انھوں نے کہاکہ میرا اگلا مقابلہ اپریل میں متوقع ہے، بھر پور تیاریوں کے ساتھ ایکشن میں دکھائی دوں گا اور ہمیشہ کی طرح اس بار بھی فتح وکامرانی کے سفر کو جاری رکھوں گا۔ عامر خان نے کہاکہ عالمی مقابلے کی فتح کا جشن میں پاکستان میں اپنے چاہنے والوں کے ساتھ مناؤں گا۔ عامر خان 8دسمبر1986میں انگلینڈ کے شہر مانچسٹر میں پیدا ہوئے، وہ اب تک مجموعی طور پر 35 مقابلوں میں سے 31 مقابلوں میں کامیابی اپنے نام کر چکے ہیں جبکہ صرف 4 مقابلوں میں انھیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، عامر خان نے اپنی آخری فائٹ 7 مئی 2016ء میں کنیلو الواریز سے کی تھی۔