خبرنامہ

باکسرعامر خان نے اہل خانہ سے جھگڑے کی وجہ بتا دی

لندن (ملت + آئی این پی) پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے اہل خانہ سے دوری کی وجہ بتا دی۔ باکسر عامر خان اور ان کے اہل خانہ کے درمیان گزشتہ چند ماہ سے چپقلش چلی آرہی ہے اور یہی افواہیں گردش کررہی تھیں کہ شاید اس کی وجہ ان کی اہلیہ فریال مخدوم ہیں تاہم باکسر نے خود انکشاف کیا ہے کہ ان کے اور والدین کی درمیان تعلقات کی خرابی اور دوری کی وجہ مالی معاملات میں بے ضابطگی ہے۔ عامر خان کا کہنا تھا کہ میرے پراپرٹی مشیر کے علاوہ اکاؤنٹیٹ بھی تھے لیکن میں نے اپنے والد اورچچا پر بھروسہ کرتے ہوئے انہیں فارغ کردیا جس کے بعد ایک فائٹ میں شکست کے بعد ہی مالی مسائل کا سامنا کرنا پڑا اور یہ سب کچھ قریبی لوگوں کی بدعنوانی کی وجہ سے ہوا۔ باکسر عامر خان کی کوچنگ ٹیم میں ان کے والد شاہ خان، چچا تاز خان اور سب سے قریبی دوست ساج محمد شامل تھے جو انہیں رنگ میں رہنمائی کے ساتھ ساتھ آئندہ کی حکمت عملی کے حوالے سے مشورے بھی دیا کرتے تھے تاہم باکسر کا کہنا ہے کہ ان کی تمام تر توجہ باکسنگ پر تھی اور انہوں نے آنکھیں بند کر کے اپنی ٹیم پر بھروسہ کیا لیکن افسوس سے کہنا پڑ رہا ہے کہ ان کے اعتماد کو ٹھیس پہنچائی گئی۔ عامر خان نے کہا کہ جب آپ کے پاس بے حساب رقم آرہی ہو تو سب کچھ ٹھیک چل رہا ہوتا ہے اور جب آمدنی میں کمی آئے یا رک جائے توآپ کو لوگوں کے مختلف رنگ دکھائی دیتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میں نے اس وقت لوگوں کو تبدیل ہوتے دیکھا جب میں نے رنگ میں شکست کھائی جب کہ اس سے قبل جب میں 21 یا 22 سال کا تھا اور ایک کے بعد ایک فائٹ جیت رہا تھا تو اس وقت سب کچھ ٹھیک تھا اور میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ ایسا بھی وقت کبھی آئے گا۔ باکسر عامر خان نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ وہ بہت فرمانبردار بیٹے اور بھائی ہیں جنہوں نے زندگی بھر اپنے خاندان کی بھلائی کی خاطر کام کئے اور جو کچھ بھی میں نے کیا اس میں صرف اہل خانہ کی بہتری ہی بنیادی مقصد تھا تاہم اگر میں ایک اور فائٹ جیت گیا تو تمام چیزیں درست ہوجائیں گی جس کے لئے میرے پاس 2 سال ہیں۔