خبرنامہ

برسبین ٹیسٹ، پاکستان پہلی اننگز میں ایک سو بیالیس رنز پر ڈھیر

برسبین: (ملت+اے پی پی) برسبین ٹیسٹ میں چار سو انتیس رنز کا پہاڑ دیکھ کر شاہین کانپ گئے۔ پاکستان کی ٹیم پہلی اننگز میں ایک سو بیالیس رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ آسٹریلیا نے فالوآن نہ کرانے کا فیصلہ کیا۔ میچ کے تیسرے دن جیکسن برڈ نے محمد عامر کو اکیس کے انفرادی سکور پر چلتا کیا۔ راحت علی چار رنز بنا کر ڈیوڈ وارنر کی تھرو پر رن آؤٹ ہوئے۔ پوری ٹیم پہلی اننگز میں ایک سو بیالیس رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔ وکٹ کیپر سرفراز احمد نے ناقابل شکست ففٹی بنائی۔ ہیزل ووڈ، مچل سٹارک اور جیکسن برڈ نے تین تین شکار کیے۔ سات قومی بلے باز ڈبل فگرز میں داخل نہ ہو سکے۔ پاکستانی ٹیم کو پہلا دھچکا مچل سٹارک نے پہنچایا جب اظہر علی سلپ میں عثمان خواجہ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ ہیزل ووڈ نے یونس خان کو کھاتہ کھولنے کا موقع نہیں دیا جبکہ کپتان مصباح الحق کو باہر جاتی گیند سے چھیڑ خانی مہنگی پڑی وہ صرف چار رنز بنا سکے۔ اسد شفیق کی مایوس کن بیٹنگ کا سلسلہ جاری رہا۔ نمبر چھ بیٹسمین دو رنز بنا کر نو دو گیارہ ہوئے۔ بابر اعظم، انیس اور اظہر علی صرف پانچ رنز جوڑ سکے۔