خبرنامہ

حکومت ملک میں انٹرنیشنل کھیلوں کے مقابلوں کی بحالی کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، ریاض حسین پیرزادہ

اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ریاض حسین پیرزادہ نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں انٹرنیشنل کھیلوں کے مقابلوں کی بحالی کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز لیاقت جمنازیم میں پاکستان انٹرنیشنل سیریز بیڈمنٹن ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر پاکستان بیڈمنٹن فیڈریشن کے سیکرٹری واجد علی چوہدری، پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل شاہد اسلام ، آغا امجد اللہ اور دیگر آفیشلز شازیہ اعجاز، کلثوم احمد کے علاوہ شائقین کی کثیر تعداد بھی موجود تھی، وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت ملک میں انٹرنیشنل کھیلوں کے مقابلوں کی بحالی کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے وزیراعظم محمد نواز شریف ملک میں کھیلوں کی ترقی چاہتے ہیں اور ملک میں انٹرنیشنل کھیلوں کی سرگرمیاں بحال ہو رہی ہیں ، انہوں نے عالمی اور ایشیاء بیڈمنٹن فیڈریشنز کا پاکستان انٹرنیشنل سیریز بیڈمنٹن ٹورنامنٹ میں تعاون کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے کہا کہ بیڈمنٹن کے دیگر فیڈریشنز بھی انٹرنیشنل سطح کے ایونٹ پاکستان میں منعقد کروانے کے انتظامات کر رہی ہیں، انہوں نے کہا کہ ملک کے حالات بہتری کی طرف جار رہے ہیں اورلوگوں کے ذہنوں سے ڈر اور خوف نکل رہا ہے، دہشت گردی سے جو نقصان پہنچا ہے اس کو ختم کرنے کے لئے کھیلوں کو آگے لانا ضروری ہے،ٹورنامنٹ میں سات ممالک کے 42 مرد اور خواتین کھلاڑی شرکت کریں گے جن پاکستان سمیت کینڈا، عراق، ملائیشیاء، نیپال، نیوزی لینڈ، شام کے کھلاڑی شامل ہیں، ٹورنامنٹ میں پانچ کیٹگریز کے مقابلے ہونگے جن میں مینز سنگلز اور ڈبلز، ویمن سنگلز اور ڈبلز اور مکسڈ ڈبلز کے مقابلے شامل ہیں، ٹورنامنٹ کا فائنل 21 اکتوبر کو کھیلا جائے گا، گذشتہ روز کھیلے گئے میچز میں حارث بشیر ، عامر سعید بھٹی، انجم بشیر، عبدالرحمن، عظیم سرور،جمیل سبحان، صائمہ منظور،خضرہ رشید، سید شبیر حسین، صباء رشید، سائرہ محمدنے اپنے، اپنے میچز جیت لئے۔