خبرنامہ

سری لنکا اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان دوسراایک روزہ بین الاقوامی میچ ہفتہ کوکھیلا جائیگا

دمبولا ۔ (ملت آن لائن) سری لنکا اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پانچ ایک روزہ بین الاقوامی میچ پر مشتمل سیریز کا دوسرا میچ (آج) ہفتہ کو دمبولا میں کھیلا جائیگا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا ون ڈے انٹرنیشنل میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔ واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ میچوں کی سیریز کا تیسرا ون ڈے میچ 17 اکتوبر کو کھیلا جائیگا۔ چوتھا ون ڈے 20 اکتوبر کو کھیلا جائیگا جبکہ پانچواں اور آخری ون ڈے 23 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان واحد ٹی ٹونٹی میچ 27 اکتوبر کو شیڈول ہے۔ ٹیسٹ سیریز سے قبل انگلش ٹیم 30 اکتوبر کو سری لنکن بورڈ پریذیڈنٹ کے خلاف تین روزہ پریکٹس میچ کھیلے گی۔ انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 6 سے 10 نومبر، دوسرا ٹیسٹ 14 سے 18 نومبر جبکہ تیسرا اور آخری ٹیسٹ 23 سے 27 نومبر تک کھیلا جائے گا۔