خبرنامہ

سنچری ٹیسٹ، آملا کے دل کی دھڑکنیں بے ترتیب ہونے لگیں

جوہانسبرگ:(ملت+اے پی پی) جنوبی افریقی بیٹسمین ہاشم آملا کے دل کی دھڑکنیں سنچری ٹیسٹ کے قریب پہنچ کر بے ترتیب ہونے لگیں، انھیں فارم میں فوری واپسی کے ساتھ وانڈررز میں جمعرات سے شروع ہونے والے تیسرے میچ کو یادگار بنانا ہے، ادھر پروٹیز کی جانب سے ملکی کرکٹ سے غداری کرنے والے کائیل ایبٹ کی جگہ وین پارنیل کو ملے گی۔ جنوبی افریقہ اور سری لنکا کے درمیان تیسرا اور آخری ٹیسٹ جمعرات سے جوہانسبرگ کے وانڈرر اسٹیڈیم میں شروع ہورہا ہے، یہ سینئر بیٹسمین ہاشم آملا کے کیریئر کا 100 واں میچ ہوگا، وہ اس وقت اپنے کیریئر کے مشکل ترین دور سے گزررہے ہیں، ابراہم ڈی ویلیئرز، ڈیل اسٹین اور مورن مورکل کے انجریز سے دوچار ہونے کی وجہ سے آملا اس وقت ٹیم کے سینئر ترین کھلاڑی ہیں مگر کارکردگی مایوس کن ہے، وہ گذشتہ پانچ میچز میں ایک باربھی ففٹی اسکور نہیں کرپائے ہیں، اس دوران انھوں نے 21.66 کی اوسط سے صرف 195 رنز بنائے ہیں۔ خراب فارم کی وجہ سے ان کی ایوریج بھی پانچ برسوں میں پہلی مرتبہ 50 سے کم ہوکر 49.46 رہ گئی ہے، دلچسپ بات یہ ہے کہ وانڈررز میں بھی ان کی اوسط اتنی ہی ہے ، جہاں پر انھوں نے اپنی 25 ٹیسٹ سنچریوں میں سے 2اسکور کی ہیں، اس وینیو پر بھی ان کی ایوریج 49.45 ہی ہے۔ وہ اپنے لیے اب تک خوش قسمت ثابت ہونے والے وینیو پر سوئی ہوئی فارم کو جگانے کی کوشش کریں گے۔ سری لنکا کے خلاف سیریز میں دوسرے بیٹسمینوں نے اچھی پرفارمنس کی مگر ہاشم آملا کا بیٹ خواب غفلت سے نہیں جاگ سکا۔ دوسری جانب جنوبی افریقہ سیریز کے دوران انگلش کاؤنٹی سے بطور کولپاک معاہدہ کرنے والے فاسٹ بولر کائیل ایبٹ کی جگہ کیلیے وین پارنیل کو میدان میں اتارا جائے گا۔ کائیل ایبٹ نے انگلش کاؤنٹی سے معاہدہ کرنے کے پانچ ماہ بعد یہ خبر اپنے ساتھیوں کو سنائی تھی، کچھ اور کرکٹرز بھی ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے انگلینڈ میں معاہدے کررہے ہیں، کپتان فاف ڈوپلیسی نے اس صورتحال کو انتہائی تشویشناک قرار دیا ہے۔