خبرنامہ

شہریار کو نیب سے ’’معاملات‘‘ جلد حل ہونے کی امید

کراچی:(ملت+اے پی پی) چیئرمین پی سی بی شہریار خان نیب سے ’’معاملات‘‘ جلد حل ہونے کیلیے پُرامید ہیں، ان کے مطابق جاری تحقیقات کا بائیو مکینک لیب سے کوئی تعلق نہیں ہے، چیئرمین کے مطابق باہمی تعلقات بہتر ہونے تک بھارت سے سیریز کا کوئی امکان نہیں لگتا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں کی ایف آئی اے اور نیب تحقیقات کر رہے ہیں، اس حوالے سے جمعے کو گورننگ بورڈ میٹنگ میں بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا، گذشتہ روز کراچی آمد پرجب میڈیا نے شہریارخان سے اس بابت استفسار کیا تو انھوں نے تحقیقات کی تصدیق کر دی۔ چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ جو بھی پوچھا گیا تحقیقاتی اداروں کو بتا دیا تھا، معاملہ جلد حل ہو جائے گا، انھوں نے کہا کہ جب تک دونوں ممالک کے باہمی تعلقات اچھے نہیں ہوتے پاک بھارت سیریزکا کوئی امکان نہیں ہے، حالات کی بہتری کے ابھی تھوڑے سے آثار تو دکھائی دے رہے ہیں، نارمل ہونے پر یقیناً دونوں ممالک ایک دوسرے کیخلاف کھیلتے دکھائی دیں گے، اس کیلیے ابھی انتظار کرنا پڑے گا۔ ایشین کرکٹ کونسل کے بھی سربراہ شہریارخان نے کہا کہ کولمبو میں نیا دفتر کھل گیا ہے، گذشتہ دنوں میٹنگ میں اچھی باتیں ہوئیں مگر کوئی خاص فیصلہ نہیں ہوا۔ ڈومیسٹک میچ میں احمد شہزاد کی جانب سے ڈسپلن کی خلاف ورزی کے سوال پر شہریارخان نے کہا کہ ٹیم منیجر رپورٹ دیں گے تو معاملے کا علم ہو گا، بعض کھلاڑیوں میں تھوڑا بچپنا ہوتا ہے،احمد شہزاد کا رویہ ٹھیک ہو جائے گا، انھوں نے کہا کہ پی ایس ایل کو کمپنی بنانے کا میں نہیں گورننگ بورڈ ارکان سوچ رہے ہیں، اگلے ایڈیشن کا فائنل لاہور میں کرانے کی کوشش بھی جاری ہے۔ شہریارخان نے کہا کہ پہلی بار گورننگ بورڈ کا کراچی میں اجلاس ہو رہا ہے، اس کے بعد فیصلوں سے میڈیا کو آگاہ کریں گے۔ انھوں نے ایک بار پھرکہا کہ مصباح الحق اپنی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے کوئی فیصلہ خود ہی کریں گے۔