خبرنامہ

محمد حفیظ کا بائیومکینک ٹیسٹ ہو گیا

کراچی:(ملت آن لائن) پاکستانی آل راؤنڈر محمد حفیظ کے بولنگ ایکشن کا برطانیہ میں ٹیسٹ ہوگیا۔
پاکستانی آل راؤنڈرمحمد حفیظ کے بولنگ ایکشن کا لفبرا انگلینڈ میں ٹیسٹ ہوگیا، حفیظ سے چار اوورز کرائے گئے، کنسلٹنٹ کارل کرو بھی ان کے ہمراہ تھے، اس ٹیسٹ کی رپورٹ دو ہفتے میں سامنے آئے گی۔

حفیظ نے نمائندہ ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ ٹیسٹ کلیئرکرنے کیلیے پرعزم ہیں، ایکشن میں تبدیلی کے بعد سے اب تک کوئی فرق نہیں آیا تھا،اب بھی ٹیسٹ کے دوران کوئی ایسی گیند نہیں نظر آئی جس پراعتراض کیا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجھے بطور آل راونڈر ٹیم کیلیے بدستور خدمات انجام دینے کا یقین ہے۔ سری لنکا سے سیریزکے ابوظبی میں کھیلے گئے تیسرے ون ڈے میں ان کا بولنگ ایکشن رپورٹ کیا گیا تھا۔ان کے ایکشن کی پہلے بھی 2 بار رپورٹ ہوچکی ہے، ایک سالہ پابندی کے بعد انھوں نے درستگی کا عمل کیا اور کلیئر ہوگئے، اب وہ پھر شکوک کی زد میں ہیں۔