خبرنامہ

محمد وسیم اگلی فائٹ پاکستان میں کرانے کے لیے تیار

لاہور: (ملت+اے پی پی) ڈبلیو بی سی سلور فلائی ویٹ چیمپئن محمد وسیم اپنی اگلی فائٹ پاکستان میں منعقد کرانے کیلیے تیار ہیں۔ محمد وسیم نے کہا کہ 90 دن میں ٹائٹل کا دفاع کرنا ضروری ہے، حکومتی گرانٹ جاری ہونے کے بعد ٹریننگ پر توجہ دوں گا، پاک آرمی نے بھی تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ ورلڈ باکسنگ ٹائٹل جیتنے والے پہلے پاکستانی باکسر نے کہاکہ اگرحکومت 2 کروڑ 40 لاکھ روپے کی گرانٹ حسب وعدہ جاری کردیتی ہے تواگلی فائٹ پاکستان میں کروانے کیلیے آرگنائزر سے بات کروں گا، محمد وسیم ٹائٹل کے دفاع میں 27 نومبرکوفلپائن کے گیمل مگرامو کو شکست دے چکے ہیں اور ایک ماہ سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود حکومت کی اعلان کردہ گرانٹ جاری نہ ہونے پرمایوسی کا شکارہیں۔ محمد وسیم نے کہا کہ ورلڈ باکسنگ کونسل کے قوانین کے مطابق 90 دن کے اندرٹائٹل کا دفاع کرنا ضروری ہے جس کیلیے فنڈزکی اشد ضرورت ہے، 24 فروری تک رنگ میں نہ اترا تو سالہاسال کی محنت کے بعد حاصل کیے جانے والے ٹائٹل سے محروم ہو جاؤں گا، ابھی تک حکومت سے فنڈز حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکا، اگلی فائٹ پاکستان میں کروانے کیلیے تیار ہوں، بروقت گرانٹ ملنے کے بعد اپنی ٹریننگ پر توجہ دوں گا، اپنے پروموٹر اینڈی کم کے ساتھ حکومتی آفیشلز کا رابطہ کرایا ہے اور اگر وہ چاہیں تومیں پروموٹر سے اگلی فائٹ پاکستان میں کروانے کیلیے کہہ سکتا ہوں۔ وسیم نے کہاکہ اسلام آباد میںآرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ سے ملاقات کی ہے اور انھیں پاکستان میں فائٹ کے انعقاد کے حوالے سے بتایا ہے، پاک فوج کے سربراہ نے ہرممکن تعاون کا یقین دلایا ہے، وسیم نے کہا کہ پاکستان میں مقابلہ میرے لیے سودمند ہوگا بلکہ اس سے پاکستان میں کھیلوں کوفروغ بھی ملے گا اور مزید نوجوان کھیل کی طرف راغب ہوں گے۔ باکسر نے گلہ کیا کہ اب تک ملک میں وہ پذیرائی نہیں ملی جو ایک چیمپئن کو ملنی چاہیے لیکن میں مایوس نہیں ہوں،امید ہے کہ پاکستان میں فائٹ سے اس رویے میں تبدیلی آئیگی۔