خبرنامہ

مصباح اور یونس نوجوان کرکٹروں کیلئے رول ماڈل قرار

دبئی: ملت آن لائن…آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ رچرڈسن نے مصباح الحق اور یونس خان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں نوجوانوں کیلیے رول ماڈل قرار دیا ہے۔
آئی سی سی نے بھی مصباح الحق اور یونس خان کو خراج تحسین پیش کیا ، چیف ایگزیکٹیو ڈیو رچرڈسن نے کہا کہ دونوں کرکٹرز نے پاکستان کی یادگار فتوحات میں اہم کردار نبھایا۔ دونوں بیٹسمینوں نے اپنے کیریئر کے دوران شائقین کو بھرپور تفریح فراہم کی۔ ڈیوڈ رچرڈسن نے لیجنڈ پلیئرز کے مستقبل کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
آئی سی سی چیف نے کہا کہ مصباح الحق نے بحیثیت کھلاڑی اور کپتان پاکستان ٹیم کو متعدد مرتبہ مشکلات سے نکالا، انہوں نے مشکل حالات میں قیادت سنبھالی اور گرین کیپس کو ٹیسٹ رینکنگ میں نمبر ون بنایا۔ وہ ایک حقیقی سپورٹس مین اور دوسروں کے لیے مثال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یونس خان پاکستان کے بہترین بیٹسمین ہیں، انہوں نے اکثر اپنی بہترین کارکردگی کے ذریعے حالات کو اپنی ٹیم کے حق میں تبدیل کیا۔ سری لنکا کے خلاف ان کی ٹرپل سنچری اور بھارت کے خلاف سیریز برابر کرنے کیلئے بنائی جانے والی ڈبل سنچری جیسی مثالیں یونس کو باقی کھلاڑیوں سے ممتاز کرتی ہیں۔