خبرنامہ

بارش کے باعث پنجاب سٹیڈیم ،قذافی سٹیڈیم ،ایل سی سی اے گراؤنڈ سمیت مختلف گراؤنڈز میں کھیلوں کی سرگرمیاں عارضی طور پر معطل

لاہور۔25 اگست(اے پی پی )صوبائی دارلحکومت لاہور میں جمعرات کے روز ہونے والی موسلا دھار بارش سے پنجاب سٹیڈیم ،قذافی سٹیڈیم ،ایل سی سی اے گراؤنڈ سمیت مختلف گراؤنڈز اور راستوں پر پانی کھڑا ہونے سے کھیلوں کی سرگرمیاں عارضی طور پر معطل ہوگئیں ۔گراؤنڈ سٹاف نے پانی کی نکاسی اور گراؤنڈ کو خشک کرنے کے لئے اپنا کام جاری رکھا ۔فیروز پور روڈ اور لبرٹی سے قذافی سٹیڈیم ،پنجاب سٹیڈیم ،نیشنل ہاکی سٹیڈیم ،فٹ بال سٹیڈیم او ر پنجاب سپورٹس بورڈ جانے والے راستے پر پانی کھڑا ہونے کی وجہ سے پی سی بی ،پنجاب سپورٹس بورڈ اور دیگر اداروں کے ملازمین کو بھی دفاتر میں پہنچنے میں سخت دشواری کا سامنا کرنا پڑا ۔ پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کے ایسوسی ایٹ سیکرٹری وقار احمد نے اے پی پی کو بتایا کہ جب بھی موسلا دھار بارش ہوتی ہے تو سٹیڈیمز جانے والے راستوں پر پانی کھڑا ہوجاتا ہے لیکن اس پانی کی فوری نکاسی کے لئے ابھی تک مستقل بنیادوں پر کوئی انتظام نہیں کیا گیا ۔انہوں نے حکو مت سے گزارش کی ہے کہ وہ اس مسئلہ کے مستقل بنیادوں پر حل کے لئے متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کریں ۔