خبرنامہ

نجم سیٹھی نے بنگلہ دیش کوبھی ’’بگ فش‘‘قرار دیدیا

اہور:(ملت آن لائن) چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے جنوبی افریقہ کے ساتھ بنگلہ دیش کو بھی ’’بگ فش‘‘ قرار دیدیا۔ ایک انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ ہم افغانستان اور آئرلینڈ کو بلا سکتے ہیں لیکن میرا ہدف ’’بگ فش‘‘ ہے، اس لیے جنوبی افریقہ کے ساتھ بنگلہ دیش کو بھی دعوت دے رہے ہیں تاکہ ان میں سے کسی ایک کے ساتھ بڑی سیریز ہو۔ یاد رہے کہ بنگلہ دیش کو صفِ اول کی ٹیموں میں شمار نہیں کیا جا سکتا، بنگال ٹائیگرز کبھی کبھار کسی بڑی ٹیم سے میچ جیت جائیں تو پورے ملک میں جشن منایا جاتا ہے۔

اس کے باوجود نجم سیٹھی نے ان کو ’’بگ فش‘‘ قرار دیتے ہوئے کرکٹ کے عالمی منظر نامے سے اپنی لاعلمی کا ثبوت دیا ہے۔ یاد رہے کہ بنگلہ دیش ماضی میں کئی باروعدہ کرنے کے باوجود دورہ پاکستان سے انکار بھی کرچکا ہے۔

دوسری جانب انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلیے کی جانے والی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کے ساتھ معاملات چل رہے ہیںِ۔ انھوں نے جوابی ٹور کا مطالبہ کیا ہے، گرین شرٹس 2019 میں ہی وہاں کھیلنے کیلیے جا سکتے ہیں، اس وقت تک خاصی دیرہو جائے گی، اس لیے پی سی بی ان کو لاہور میں ہونے والی سیریز کی آمدنی سے حصہ دے سکتا ہے۔