خبرنامہ

وسیم اکرم کا ریکارڈ ٹوٹ گیا

ڈیل سٹین ٹیسٹ کرکٹ میں زیادہ وکٹیں لینے والے جنوبی افریقہ کے دوسرے اور دنیا کے 11 ویں باؤلر بن گئے
سینچورین ۔ 30 اگست (اے پی پی) سٹار جنوبی افریقن فاسٹ باؤلر ڈیل سٹین نے ٹیسٹ کرکٹ میں عظیم پاکستانی باؤلر وسیم اکرم کی زیادہ وکٹوں کا ریکارڈ توڑ دیا، اس کے ساتھ ہی سٹین ٹیسٹ میچز میں زیادہ وکٹیں لینے والے جنوبی افریقہ کے دوسرے اور دنیا کے 11 ویں باؤلر بن گئے، سٹین نے نیوزی لینڈ کے خلاف آخری ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں مچل سینٹنر کو آؤٹ کر کے یہ کارنامہ انجام دیا۔ وسیم اکرم نے 104 میچز کھیل کر 414 وکٹیں لے رکھی تھیں جبکہ سٹین نے 84 میچز میں 416 وکٹیں لیں۔ پروٹیز کی طرف سے زیادہ وکٹیں لینے کا اعزاز شان پولاک کو حاصل ہے جنہوں نے 421 وکٹیں لے رکھی ہیں۔ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں زیادہ وکٹیں لینے کا عالمی اعزاز متھایا مرلی دھرن کے پاس ہے جنہوں نے 800 وکٹیں لے رکھی ہیں۔ سٹین کیویز کے خلاف سینچورین ٹیسٹ کی دوسری اننگز کیلئے جب میدان میں اترے تو انہیں وسیم اکرم کی زیادہ وکٹوں کا ریکارڈ توڑنے کیلئے 4 وکٹوں کی ضرورت تھی، انہوں نے اننگز میں 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے اکرم کو پیچھے چھوڑ دیا