خبرنامہ

ون ڈے رینکنگ، پاکستان کیلیے ایک درجہ بہتری کا موقع

دبئی:(ملت+اے پی پی) پاکستان کو ون ڈے رینکنگ میں ایک درجہ بہتری کا موقع مل گیا، مقصد پانے کیلیے ویسٹ انڈیز پر کلین سویپ درکار ہوگا، یواے ای میں 3-0 سے کامیابی حریف سے آٹھویں پوزیشن چھیننے کا موقع فراہم کرے گی، آسٹریلیا کے مقابل سیریز میں سرخرو ہونے پر جنوبی افریقا دوسرے نمبر پر براجمان ہو سکتا ہے۔ 25ستمبر سے 12اکتوبر تک مختلف ٹیموں کے مابین 16ون ڈے میچز کھیلے جائیں گے،اس دوران سامنے آنے والے نتائج رینکنگ میں اکھاڑ پچھاڑ کا سبب بن سکتے ہیں، پاکستان اس وقت 9ویں نمبر پر موجود ہے، یواے ای میں شیڈول سیریز میں گرین شرٹس نے ویسٹ انڈیز کو 3-0سے کلین سویپ کیا تو پوائنٹس3کے اضافے سے89ہوجائیں گے، یوں کیریبیئنز کو 6 کے خسارے کی وجہ سے 88پوائنٹس کے ساتھ ایک درجہ تنزلی سے9ویں پوزیشن پر اکتفا کرنا پڑے گا۔ ورلڈ چیمپئن آسٹریلیا 124پوائنٹس کا حامل ہے،اسے دوسرے نمبر پر موجود نیوزی لینڈ(113)سے کوئی خطرہ نہیں،جنوبی افریقہ(110) کی آسٹریلیا کیخلاف 4-1سے کامیابی اسے نہ صرف تیسرے نمبر پر موجود بھارت (110) بلکہ کیویز سے بھی آگے نکلنے کا موقع فراہم کرسکتی ہے، انگلینڈ (107) کی پانچویں پوزیشن مستحکم ہے، 98 پوائنٹس کی حامل بنگلہ دیشی ٹیم افغانستان کو 3-0اور انگلینڈ کو 2-1سے ہرانے کی صورت میں ایک درجہ بہتری کے ساتھ سری لنکا کو چھٹی پوزیشن سے محروم کرسکے گی، افغانستان (49) دسویں، زمبابوے (46)11ویں اور آئرلینڈ(43) 12ویں نمبر پر ہے۔ ون ڈے رینکنگ کے ابتدائی 10 بیٹسمینوں میں اے بی ڈی ویلیئرز،ویرات کوہلی،ہاشم آملہ، جوئے روٹ، کین ولیمسن، مارٹن گپٹل،روہت شرما،شیکھر دھون، کوائنٹن ڈی کاک، فاف ڈوپلیسی شامل ہیں،پاکستان کا کوئی بیٹسمین ٹاپ20میں بھی موجود نہیں۔بولرز میں سنیل نارائن، ٹرینٹ بولٹ، مچل اسٹارک،شکیب الحسن، عمران طاہر،میٹ ہینری،ڈیل اسٹین،کاگیسو ربادا، مورنے مورکل اور عادل راشد ٹاپ 10 جبکہ محمد عرفان 11ویں نمبر پر ہیں۔آل راؤنڈرز میں شکیب الحسن سرفہرست،انجیلو میتھیوز دوسری،جیمز فالکنر تیسری، تلکارتنے دلشان چوتھی اور محمد نبی پانچویں پوزیشن پر ہیں۔