خبرنامہ

ٹیم پاکستان بھیجنے کیلیے پی سی بی سے بات نہیں ہو رہی، سری لنکا

کراچی:(ملت+اے پی پی) سری لنکا نے واضح کیا ہے کہ وہ باہمی سیریز کیلیے اپنی نیشنل ٹیم پاکستان بھیجنے کیلیے پی سی بی سے بات چیت نہیں کررہا۔ پی سی بی ایگزیکٹیو کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے گذشتہ دن عندیہ دیا تھا کہ انھوں نے بڑی ٹیسٹ ٹیم کی میزبانی کیلیے ڈیل کو حتمی شکل دے دی جو2009 میں سری لنکن ٹیم پر ہونے والے دہشت گرد حملوں کے بعد کسی اہم ٹیم کا پہلا دورئہ پاکستان ہوسکتا تھا، اس کے بعد سرکاری خبر رساں ایجنسی نے سری لنکا اور ویسٹ انڈین بورڈز سے سیریز کیلیے بات چیت کی خبریں دی تھیں۔ باہمی سیریز آئندہ برس پاکستان سپرلیگ کے بعد ممکن ہوسکتی تھی،سری لنکن وزیر کھیل جیاسیکارا ڈیاسری نے اس تاثر کو مستردکرتے ہوئے کہاکہ وہ اپنی نیشنل ٹیم کو آئندہ برس پاکستان بھجوانے کا کوئی منصوبہ نہیں بنا رہے۔ چیئرمین پی سی بی شہر یار خان جمعے کو سری لنکا روانہ ہورہے ہیں جہاں وہ کولمبو میں شیڈول ایشین کرکٹ کونسل میٹنگ کی صدارت کریں گے، اس موقع پرپاک بھارت کرکٹ حکام کی ملاقات میں جمود کا شکار باہمی تعلقات پر دوٹوک گفتگو کی جائے گی۔ بھارتی بورڈ ٹرائنگولر سیریز سمیت مختلف آپشنز سامنے رکھ چکا، مگر پاکستانی حکام کو اس ضمن میں تحفظات ہیں، اجلاس میں شرکت کیلیے سبحان احمد لاہور سے کولمبو روانہ ہوں گے جبکہ نجم سیٹھی نے جانے کا ارادہ ترک کر دیا ہے۔