خبرنامہ

ٹی20 میں آفریدی دوسرے بہترین آل راؤنڈر بن گئے

دبئی:(اے پی پی) پاکستانی آل راؤنڈر شاہد آفریدی ٹوئنٹی 20 کرکٹ کے دوسرے بہترین آل راؤنڈر بن گئے، بولرز میں ان کا پانچواں نمبر برقرار رہا۔ شاہد آفریدی کو بغیر کھیلے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ کے آل راؤنڈرز میں ایک درجہ ترقی مل گئی، انھوں نے دوسری پوزیشن پر قبضہ جما لیا، بولرز میں ان کا نمبر بدستور پانچواں ہے۔بیٹسمین رینکنگ میں کوئی پاکستانی ٹاپ 10 کا حصہ نہیں بن سکا، کوہلی بیٹنگ اور سموئل بدری بولنگ میں پہلی پوزیشن پر فائز ہیں۔ امریکا میں ویسٹ انڈیز اور بھارت کے درمیان پہلے ٹوئنٹی 20 میچ میںریکارڈ 489 رنز بنے، اس میں بڑا ہاتھ ویسٹ انڈیز کے ایون لوئس اور بھارتی لوکیش راہول کی سنچریوں کا تھا،اس شاندار کارکردگی کا فوری صلہ انھیں رینکنگ میں بھی مل گیا، 49 گیندوں پر 100 رنز بنانے والے لوئس ایک ساتھ 288 درجے کی اڑان بھرکر 51 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔ راہول کے110 رنز ناٹ آؤٹ نے انھیں 67 پوائنٹس کی ترقی دلاتے ہوئے 31 ویں نمبر پر پہنچا دیا۔ دوسرا میچ بارش کی نذر ہونے کے باعث پہلے مقابلے میں صرف ایک رن سے فتح پانے والی کیریبیئن ٹیم نے سیریز 1-0 سے اپنے نام کی، اگرچہ وہ بدستور تیسرے نمبر پر موجود ہے مگر دوسری پوزیشن پر فائز بھارتی ٹیم سے فاصلہ صرف ایک پوائنٹ باقی رہ گیا جو سیریز کے آغاز سے قبل 6 پوائنٹس کا تھا۔ستمبر میں بھی مختلف ٹیموں کے درمیان ٹی20 مقابلے جاری رہیں گے، پاکستان کو بھی انگلینڈ کا7 ستمبر کو سامنا کرنا ہے، وہ اس وقت ساتویں جبکہ انگلش ٹیم پانچویں نمبر پر موجود ہے، اگر گرین شرٹس یہ مقابلہ جیت گئے تب بھی وہ میزبان ٹیم سے پیچھے ہی رہیں گے، نیوزی لینڈ کی ٹیم بدستور نمبر ون ہے۔