خبرنامہ

پی ایس ایل سپاٹ فکسنگ کیس، ناصر جمشید نے معطلی کو چیلنج کردیا

لاہور (ملت آن لائن + آئی این پی) پی ایس ایل سپاٹ فکسنگ کیس میں مبینہ طور پر ملوث ٹیسٹ کرکٹر ناصر جمشید نے بھی بالا آخر چارجزکا جواب جمع کر ا ہی دیا۔ پی سی بی ترجمان کا کہنا ہے کہ اینٹی کرپشن یونٹ اس کا جائزہ لے کر کوئی فیصلہ کرے گا۔تفصیلات کیمطابق پی ایس ایل ٹو میں سپاٹ فکسنگ کا سکینڈل آنے پر ناصر جمشید کا نام بھی سامنے آ گیا اور کہا گیا کہ انہوں نے کھلاڑیوں کا بکی سے رابطہ کرانے میں پل کا کردار ادا کیا ہے۔ پی سی بی نے انہیں عبوری معطل کرتے ہوئے انگلینڈ میں رابطہ کرنے کی کوشش کی مگر وہ انگلینڈ کی نیشنل کرائم ایجنسی کے زیر تفتیش ہونے کی وجہ سے اپنا بیان پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ کو نہ دے سکے تو چارج شیٹ جاری کرتے ہوئے جواب دینے کے لئے چودہ روز کی مہلت دی گئی۔ ناصر جمشید نے اپنے وکیل کے ذریعے جواب جمع کرا دیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنی معطلی کو چیلنج کرتے ہوئے پی سی بی کے الزامات کو بھی رد کر دیا ہے اور کہتے ہیں کہ نیشنل کرائم ایجنسی سے فراغت کے بعد پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ سے ملاقات کریں گے۔ پی سی بی ترجمان کے مطابق اینٹی کرپشن اینڈ ویجیلنس یونٹ ناصر جمشید کے جواب کا جائزہ لینے کے بعد فیصلہ کرے گا کہ ناصر کامعاملہ سزا کے لئے ڈسپلنری کمیٹی یا سماعت کے لئے ٹربیونل کوبھیجا جائے۔