خبرنامہ

چیپل کا بھی کک کو کپتانی سے رخصت کا مشورہ

میلبورن: (ملت+اے پی پی) ای این چیپل نے الیسٹر کک کو قیادت چھوڑنے کا مشورہ دیدیا، سابق آسٹریلوی ٹیسٹ کرکٹرکا کہنا ہے کہ انگلش اوپنر قدامت پسندی کا شکار کپتان ہیں، ایک بار حریف ٹیم حاوی ہوجائے تو ان کے ہاتھ پاؤں پھول جاتے ہیں۔ ای این چیپل نے اپنے ایک کالم میں الیسٹرکک کے انداز قیادت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے، ان کا کہنا ہے کہ انگلش اوپنر بطور بیٹسمین تو اپنے کردار سے انصاف کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں لیکن کپتانی کرتے ہوئے قدامت پسندانہ سوچ کا شکار نظر آتے ہیں،حریف ایک بار حاوی ہونے کے بعد تیزی سے رنز بنانے لگے تو ان کے ہاتھ پاؤں پھول جاتے ہیں، دفاعی رویہ دیگر کھلاڑیوں کی کارکردگی بھی متاثر کرتا ہے،اس کی کئی مثالیں دورہ بھارت میں مسلسل شکستوں کے دوران دیکھی گئی ہیں۔ الیسٹر کک کا کہنا ہے کہ مسلسل شکستوں کی مایوسی میں جلد بازی کا شکار ہوکر قیادت چھوڑنے کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کرنا چاہتے لیکن میرے خیال میں یہی مناسب وقت ہے، مزید شکستیں ان پر دباؤ بڑھا دیں گی جس کے نتیجے میں نہ صرف ٹیم کی بلکہ ان کی اپنی کارکردگی بھی متاثر ہوگی،خوفناک دن دیکھنے سے قبل ان کو خود ہی مستقبل کا فیصلہ کرلینا چاہیے،اس ضمن میں سلیکٹرز کا کردار اہم ہے، وہ اگر سجھتے ہیں کہ آئندہ کیلیے پلان کمزور رہ جائے گا تو الیسٹر کک کو استعفٰی دینے کیلیے کہہ سکتے ہیں۔ سلیکٹرز خود سے سوال کریں کہ کیا یہ بات آسٹریلیا کیلیے خوشی اور اطمینان کا باعث نہیں ہوگی کہ آئندہ ایشزسیریز انگلش ٹیم الیسٹر کک کی کمزور قیادت میں کھیلے،انگلینڈ کے پاس باصلاحیت کھلاڑیوں کی کمی نہیں لیکن کنڈیشنز کو مد نظر رکھے بغیر اسکواڈ کی تشکیل کسی بھی ٹیم کیلیے مشکلات کا باعث ہوسکتی ہے۔