خبرنامہ

کالی آندھی نے بھارت کو پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں 1 رن سے ہرا دیا

بھارتی ٹیم 245 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں پر 244 رنز بنا سکی، براوو نے آخری گیند پر دھونی کو آﺅٹ کر کے بھارت کے منہ سے فتح کا نوالہ چھین لیا، لوکیش راہول کی 110 رنز کی اننگز ناکافی ثابت، لیوس میچ کے بہترین کھلاڑی قرار
فلوریڈا ۔ 28 اگست (اے پی پی) ایون لیوس کی شاندار سنچری کی بدولت کالی آندھی نے بھارت کو پہلے ٹی ٹونٹی کرکٹ میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 1 رن سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی، کالی آندھی نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 245 رنز کا مجموعہ تشکیل دیا تھا، جواب میں بھارتی ٹیم نے مطلوبہ ہدف حاصل کرنے کیلئے آخر دم تک بھرپور مقابلہ کیا تاہم براوو نے آخری اوور میں 8 رنز نہ بنانے دیئے، انہوں نے آخری گیند پر دھونی کو آﺅٹ کر کے بھارتی سورماﺅں کی جیت کی امیدوں پر پانی پھیر دیا، لوکیش راہول کی 110 رنز کی ناٹ آﺅٹ اننگز بھی اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی، ایون لیوس کو جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔ فلوریڈا میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں بھارتی ٹیم کے کپتان دھونی نے ٹاس جیت کر پہلے باﺅلرز کو آزمانے کا فیصلہ کیا تو کالی آندھی نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 245 رنز کا مجموعہ تشکیل دیا، ایون لیوس اور جانسن چارلس نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے بھارتی باﺅلرز کی خوب دھنائی کی اور ٹیم کو 126 رنز کا جاندار آغاز فراہم کیا، چارلس 79 رنز بنانے کے بعد شامی کی گیند کا نشانہ بنے، 204 کے سکور پر ویسٹ انڈیز کی دوسری وکٹ گری جب آندرے رسل 22 رنز بنا کر جدیجا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے، ایون لیوس نے ڈٹ کر بھارتی باﺅلرز کا مقابلہ کیا اور شاندار سنچری مکمل کرنے کے بعد جدیجا کی گیند کا نشانہ بنے، ان کی اننگز میں 9 فلک شگاف چھکے بھی شامل تھے، کپتان کارلوس بریتھویٹ 14 رنز بنا کر رن آﺅٹ ہوئے، کیرن پولارڈ 22 اور لینڈل سیمنز بغیر کوئی رن بنائے آﺅٹ ہوئے، ڈیوائن براوو اور مارلون سیموئلز ایک، ایک رن بنا کر ناٹ آﺅٹ رہے، جسپریت بمرا اور جدیجا نے دو، دو اور محمد شامی نے ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں بھارتی ٹیم مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں پر 244 رنز بنا سکی، بھارتی سورماﺅں نے ہدف حاصل کرنے کیلئے ایڑی چوٹی تک زور لگایا تاہم قسمت نے اس کا ساتھ نہ دیا، بھارت کو آخری گیند پر فتح کیلئے 2 رنز درکار تھے کہ براوو نے دھونی کو آﺅٹ کر کے حریف ٹیم کی امیدوں پر پانی پھیر دیا، لوکیش راہول کی 110 رنز کی ناٹ آﺅٹ اننگز بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی، روہت شرما 62 اور دھونی 43 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بلے باز رہے، اجنکیاراہانے 7 اور ویرات کوہلی 16 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے، براوو نے 2 جبکہ آندرے رسل اور کیرن پولارڈ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔