خبرنامہ

2019ء کے ورلڈ کپ تک باآسانی کھیل سکتا ہوں، مہندر سنگھ دھونی

نئی دہلی (ملت + آئی این پی)بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی کا کہنا ہے کہ وہ باآسانی 2019ء کا ورلڈ کپ کھیل سکتے ہیں۔ دھونی کا مزید کہنا تھا کہ وہ مکمل طور پر فٹ ہیں۔ بھارت میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق بھارتی کپتان کا کہنا تھا کہ وہ زبردست فارم میں ہیں، جب تک فٹ ہیں کھیلتے رہیں گے اور اپنے ملک کی نمائندگی جاری رکھیں گے۔ فٹنس کے سوال پر دھونی کا کہنا تھا کہ دس سال تک کرکٹ کھیلنے کے بعد فٹنس پر سے توجہ نہیں ہٹائی جا سکتی۔ اتنا عرصہ کھیلنے کے بعد کھلاڑی ونٹیج کار بن جاتا ہے اس لئے ایک کھلاڑی کیلئے فٹنس سب سے اہم ہے۔ 2019 ء کے ورلڈ کپ کے بارے میں پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے دھونی کا کہنا تھا کہ کرکٹ میں کوئی چیز حتمی نہیں ہوتی، آئندہ ورلڈ کپ میں ابھی 2 سال کا عرصہ باقی ہے تاہم جس طرح حالیہ دنوں میں ان کی پرفارمنس جا رہی ہے وہ باآسانی 2019ء کا ورلڈ کپ کھیل سکتے ہیں۔ دھونی ٹیم کیلئے اہم کردار ادا کرنے والے کھلاڑی ہیں، گزشتہ دنوں وجے ہزارہ ٹرافی کے دوران بھی دھونی نے 66 کی اوسط سے رنز بنائے۔