خبرنامہ

2026 ایشین گیمز کی میزبانی جاپان کو مل گئی

اولمپک کونسل آف ایشیا نے رسمی منظوری دیدی، ناگویا کے میئر تاکاشی کاوامورا کا تفریح سے بھرپورگیمز منعقد کرنے کا وعدہ
دانانگ / ویتنام(آئی این پی) جاپان کو ایک اور انٹرنیشنل ایونٹ کی میزبانی مل گئی، ایچی پریفیکچر اور دارالحکومت ناگویا کے2026ایشین گیمز کے میزبان ہونے کی اولمپک کونسل آف ایشیا(او سی اے)نے تصدیق کردی۔ایچی پریفیکچر کے گورنر ہائیڈیاکی اوہمرا اور ناگویا سٹی کے میئرتاکاشی کاوامورا کی جانب سے او سی اے کی جنرل اسمبلی میں مشترکہ طور پرمیزبانی کی آفر پیش کرنے کے بعد ایشین کونسل نے رسمی طور پر میزبانی پر مہر تصدیق ثبت کردی۔جنرل اسمبلی کا اجلاس حالیہ طور پر 5ویں ایشین بیچ گیمز کی میزبانی کرنے والے دانانگ میں ہوا، ایشیائی ادارے کو 2026گیمز کے انعقاد کے سلسلے میں فیصلہ2018میں لینا تھا تاہم اگلے8 برسوں میں اس خطے میں3اولمپکس ایونٹ کے انعقاد کے باعث جلدی فیصلہ کرلیا گیا،اس کی وجہ پرہجوم ایونٹس کے پیش نظرمیزبان کو پہلے سے تیاری کا موقع فراہم کرنا بھی ہے، جنوبی کوریا پہلے ہی ونٹراولمپکس کیلیے بطور میزبان اپنی خدمات فراہم کرنے کیلیے تیار ہے جو2018میں پائیون چانگ میں منعقد ہوگا، ٹوکیو 2020میں سمر اولمپکس کیلیے اپنے دروازے کھولے گا جبکہ اس کے بعد 2022 میں ونٹر گیمز کا بیجنگ میں انعقاد طے ہے۔ جاپان اس سے قبل دو بار 1958 ٹوکیو اور 1994ہیروشیما میں ایشین گیمز کی میزبانی کرچکا ہے،2026ایشین گیمز کے20ویں ایونٹ کی میزبانی ملک کے سپرد ہونے سے اگلی دہائی کے دوران جاپان ایک اور اہم ایونٹ کی میزبانی پانے میں کامیاب ہوا ہے۔