نیویارک:(ملت آن لائن) سنہ 1970 میں چاند سے زمین پر لائے گئے نایاب پتھروں کو8 لاکھ 55 ہزار امریکی ڈالرز (تقریباً12 کروڑ پاکستانی روپے سے زائد) میں نیلام کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سویت یونین کے لونا 16 نامی خلائی مشن کے دوران نصف صدی پہلے چاند سے کرہ ارض پر لائے گئے انتہائی چھوٹے سائز کے تین نایاب پتھروں کو لاکھوں ڈالرز میں نیلام کردیا گیا۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کاکہنا تھا کہ کرہ ارض پر لائے جانے والے نایاب پتھروں کو چاند پر ڈرلنگ کے ذریعے 35 سینٹی میٹر کرکے سوراخ کرکے ستمبر 1970 میں نکالا گیا تھا۔
چاند سے لائے گئے تین میں دو پتھروں کی چوڑائی 2 ملی میٹر جبکہ ایک پتھر کی چوڑائی 1 ملی میٹر ہے، ان قیمتی و نایاب پتھروں کا وزن انتہائی ہلکا ہے۔
غیر ملکی میڈیاکا کہنا تھا کہ سویت یونین نے اپنے خلائی مشن کے سربراہ اورخلائی جہاز کا ڈیزائن تیار کرنے والے سرگئی کورولووکی خدمات کے پیش نظر چاند سے زمین پر لائے گئے قیمتی پتھروں کو ان کی اہلیہ کی خدمت میں بطور تحفہ پیش کیا تھا۔
سرگئی کورولوو کی اہلیہ نے ان پتھروں کو پہلی مرتبہ سنہ 1993 میں 4 لاکھ 40 ہزار 500 امریکی ڈالرز میں فروخت کیا تھا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ نومبر 2018 میں قیمتی اور نایاب پتھروں کو 8 لاکھ 55 ہزار امریکی ڈالر ز میں نیلام کیا گیا ہے جو 1993 کی قیمت سے دگنی ہے۔