خبرنامہ

اب یوٹیوب کو شیڈول کے مطابق استعمال کرنا ممکن

جدید دور میں ٹیکنالوجی کا استعمال انسانی ضروریات کا ایک اہم عنصر ہے، ایسے میں ہر فرد سوشل میڈیا پر بالواسطہ یا بلاواسطہ وقت صرف کرنے کا پابند ہوچکا ہے تاہم مقبول ویڈیوشیئرنگ ایپ یوٹیوب میں چند نئے اقدامات کیے گئے ہیں تاکہ صارفین سمجھ سکیں کہ انہیں کتنا وقت یوٹیوب کو دینا چاہیے۔

یوٹیوب کی آفیشل بلاگ پوسٹ کے مطابق ایپ میں اس حوالے سے چند فیچرز شامل کیے گئے ہیں کہ صارفین کو کن اوقات میں اور کتنے دورانیے کے لیے اس ایپ کو استعمال کرنا چاہیے تاکہ وہ ٹیکنالوجی کے بہتراستعمال کو سمجھ سکیں۔

ان فیچرز کو متعارف کروانے کا مقصد صارفین کو ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کو استعمال کرنے کی سمجھ بوجھ فراہم کرنا اور یہ بتانا ہے کہ ان کے لیے سب سے اہم کیا ہے اور انہیں ڈیجیٹل دنیا سے کب تعلق کو منقطع کرنے کی ضرورت ہے۔

یوٹیوب کی جانب سے وقت کا تعین کرنے کے لیے چند فیچرز بیان کیے گئے ہیں، جو درج ذیل ہیں

یوٹیوب دورانیہ:
یوٹیوب کی جانب سے اب ٹائم واچ پروفائل (time watch profile) فراہم کی جارہی ہے جو صارفین کو اس حوالے سے معلومات فراہم کرے گی کہ دن بھر میں، گذشتہ روز یا پھر پورے ہفتے میں کتنی دیر تک یوٹیوب کو استعمال کیا گیا۔ یہ سہولت اکاؤنٹ مینیو (account menu) میں دستیاب ہوگی جس کی جھلک یہاں دیکھی جاسکتی ہے۔

یوٹیوب پر بریک:
یوٹیوب پر اب اس بات کا بھی تعین کیا جاسکتا ہے کہ کس وقت بریک لینا ہے، یعنی صارف اس میں مخصوص ٹائم کا انتخاب کرسکتا ہے۔ اس کے لیے صارف setting میں جاکر الارم کی طرح ایک خاص وقت کو فعال کرے گا اور یوٹیوب استعمال کرنے کے دوران اس مخصوص وقت پر نوٹیفکیشن آجائے گا کہ اب یوٹیوب کا استعمال ترک کرنا چاہیے کیونکہ یہ بریک کا وقت ہے۔

نوٹیفکیشن کی آسانی:
بار بار نوٹیفکیشن موصول ہونا صارفین کو پریشانی میں مبتلا کر دیتا ہے، خصوصاً اُس وقت جب وہ کوئی اہم کام کر رہے ہوں۔ تاہم اب یوٹیوب ایپ میں ’one notification‘ کی سہولت بھی مہیا کی گئی ہے، جس کی مدد سے دن بھر کے تمام نوٹیفکیشن صارف کے منتخب کیے گئے وقت پر موصول ہوں گے اور اس کی صرف ایک ہی بار نشاندہی کی جائے گی.اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے settings کے آپشن میں جاکر صارف کو من پسند وقت سیٹ کرنا ہوگا تاکہ نوٹیفکیشن مختص کیے گئے وقت کے مطابق ہی موصول ہو۔

نوٹیفکیشن ساؤنڈ کو غیرفعال کرنے کی سہولت:

یوٹیوب نے صارفین کے آرام کا خاص خیال کرتے ہوئے ایک نیا فیچر بھی شامل کیا ہے، جس کے ذریعے رات 10 سے صبح 8 بجے تک نوٹیفکیشن ساؤنڈ اور وائبریشن غیر فعال رہے گی، لیکن اگر صارفین ساؤنڈ چاہتے ہیں تو وہ settings میں جا کر اسے فعال بھی کرسکتے ہیں، جبکہ وقت بھی سیٹ کیا جاسکتا ہے کہ کب سے کب تک ساؤنڈ کو غیر فعال رکھنا ہے۔