خبرنامہ

امریکا نے پروازوں میں سام سنگ گیلیکسی نوٹ سیون فونز لانے پر پابندی عائد کر دی

واشنگٹن ۔ 15 اکتوبر (اے پی پی) امریکی محکمہ برائے ٹرانسپورٹیشن نے جنوبی کوریا کی ٹیکنالوجی کی مشہور کمپنی سام سنگ کے گیلیکسی نوٹ سیون کی بیٹری کے آگ پکڑنے کے واقعات سامنے آنے کے بعد اس فون کے ساتھ پروازوں پر پابندی عائد کر دی ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق محکمہ برائے ٹرانسپورٹیشن نے کہا ہے کہ امریکاآنے اور امریکا سے جانے والے تمام مسافر سام سنگ کے گیلیکسی نوٹ سیون فونز کو اپنے ساتھ نہیں لے جا سکیں گے۔امریکی ٹرانسپورٹ سیکرٹری اینتھونی فاکس نے ایک بیان میں کہا ہم یہ بات تسلیم کرتے ہیں کہ پروازوں میں گیلیکسی نوٹ سیون پر پابندی عائد کرنے سے کچھ مسافروں کو پریشانی ہو گی تاہم جہاز پر موجود تمام مسافروں کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔ان کا مزید کہنا تھا ہم یہ اضافی قدم اس لیے اٹھا رہے ہیں کیونکہ پرواز میں آگ لگنے کا ایک بھی واقعہ مسافروں کو زخمی کرنے کے علاوہ ان کی زندگی کو خطرے میں ڈال سکتا ہے۔واضح رہے کہ سام سنگ نے گذشتہ ہفتے اپنے جدید ترین سماٹ فون گلیکسی نوٹ سیون کی پروڈکشن مستقل طور پر بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔