خبرنامہ

اڑن گاڑی تیار

دبئی سٹی (ملت مانیٹرنگ ڈیسک) اڑن کھٹولے کا تصور اس سے پہلے صرف فلموں اور کہانیوں میں ملتا تھا لیکن دبئی میں عنقریب یہ تصور حقیقت میں بدلنے والا ہے، جہاں کسی طلسماتی دنیا کی طرح اڑن کاریں فضاءمیں تیرتی نظر آئیں گی۔ عریبین بزنس کی رپورٹ کے مطابق دبئی روڈ اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے گزشتہ روز اعلان کیا کہ چینی کمپنی Ehangکے ساتھ مل کر دنیا کی پہلی خودمختار فضائی گاڑی، اٹانمس ایریل وہیکل(AAV) کا کامیاب تجربہ کر لیا گیا ہے۔ یہ ڈرائیور کے بغیر اُڑنے والی کار ہے، جس کا نام Ehang184 رکھا گیا ہے۔ امید کی جا رہی ہے کہ یہ جادوئی گاڑی جولائی سے دبئی کی فضاﺅں میں پرواز شروع کر دے گی۔
اڑن کار میںمسافر کے سامنے ایک ٹچ سکرین ہو گی جس پر شہر کا نقشہ اور تمام منازل نقاط کی صورت میں ظاہر ہونگے۔ یہ اڑن کار طے شدہ راستوں پر پرواز کر ے گی اور ان راستوں پر موجود منازل میں سے مسافر اپنی مرضی کی منزل کا انتخاب کر سکیں گے۔ مسافر اڑن کار میں سوار ہو کر ٹچ سکرین پر کسی بھی منزل کا انتخاب کرے گا تو یہ آٹو میٹک طریقے سے پرواز شروع کر دے گی اور مطلوبہ جگہ پر جا کر اتر جائے گی۔
اس کار کو اڑانے کیلئے 8 پنکھے استعمال ہونگے اور یہ ایک محفوظ سواری ہو گی کیونکہ کسی ایک پنکھے کی خرابی کے باوجود یہ بحفاظت اپنی منزل تک پرواز جاری رکھے گی۔ اس کی رفتار 160 کلو میٹر فی گھنٹہ ہو گی اور یہ تقریباً 3000 فٹ کی بلندی پر پرواز کرے گی۔ شدید طوفانوں کے علاوہ یہ ہر قسم کے موسم میں پرواز کر سکے گی۔
روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر متار الطائر کا کہنا تھا کہ یہ انوکھی سہولت دبئی کو دنیا کا سمارٹ ترین شہر بنا دے گی۔ اڑن کار کے ٹیسٹ کیلئے پرمٹ دبئی سیول ایوی ایشن اتھارٹی نے جاری کیا جبکہ اڑن کار اور گراﺅنڈ کنٹرول سینٹر کے درمیان کمیونیکیشن کیلئے 4G ڈیٹا نیٹ ورک ٹیکنالوجی ایتصلات کمپنی کی جانب سے فراہم کی گئی ۔