خبرنامہ

ایپل نے ڈائیلاگ کمپنی کے شیئرز خرید لیے

معروف ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے موبائل چپ بنانے والی یورپی کمپنی ڈائیلاگ کا ایک حصہ خریدنے کا معاہدہ کیا ہے۔

اس معاہدے میں ڈائیلاگ کمپنی کی پاور مینیجمنٹ ٹیکنالوجی، 3 سو انجینئرز اور دیگر اثاثوں کا اختیار اور لائسنس حاصل کرنے کے لیے 30 کروڑ ڈالر کی ادائیگی شامل ہے۔

ایپل آئندہ تین برس کےعرصے میں ڈائیلاگ سے طے شدہ مصنوعات کی مد میں مزید 30 کروڑ ڈالر ادا کرے گا۔

ٹیکنالوجی ویب سائٹ ٹیک کرنچ کے مطابق یہ ایپل کی سب سے اہم شراکت داری ہے، ایپل ڈائیلاگ کمپنی کو حاصل نہیں کررہی کیونکہ 3 سو انجینئرز اس کی ٹیم کا صرف 16 فیصد ہیں جو ایپل کے لیے ڈیزائن کی جانے والی چپس پر سالوں سے کام کررہے ہیں۔

ایس وی پی جونی سروجی نے ایک بیان میں کہا کہ ’ ڈائیلاگ کو چِپ بنانے میں مہارت حاصل ہے اور ہم انجینئرز کے اس قابل گروپ کا ساتھ ملنے پر بہت پُرجوش ہیں جنہوں نے ایک عرصے تک ایپل کا ساتھ نبھایا ہے اور اب اس کے ساتھ کام کریں گے‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’ ڈائیلاگ کے ساتھ ہمارا رشتہ آئی فونز کے آغاز سے ہیں اور ہم ان کے ساتھ دیرپا تعلق قائم کرنے کے خواہش مند ہیں‘۔

گزشتہ برس نک کی نے رپورٹ کیا تھا کہ ایپل کمپنی اپنی پاور مینیجمنٹ چپس کو ڈیزائن کرنے اور ڈائیلاگ سے علیحدہ ہونے کا ارادہ کررہا ہے۔

رواں سال کے آغاز میں ڈائیلاگ کا کہنا تھا کہ ایپل نے تمام آرڈر منسوخ کردیے تھے، شاید وہ نئے آئی فون ایکس ایس میکس میں ڈائیلاگ کی جگہ اپنی چپس متعارف کروائے گا۔

یہ معاہدہ ڈائیلاگ کی ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ کو ایپل کے ساتھ لانے کا راستہ ہے جس کے تحت مستقبل میں ان چپس کے ڈیزائن ایپل آئی پی کے نام سے ہوں گے اور کمپنی باآسانی انہیں استعمال اور تبدیل کرسکے گی۔