خبرنامہ

جاپان:بغیرآئینے والے کیمروں کی مانگ میں اضافہ

ٹوکیو ۔(ملت+اے پی پی)کیمرے سے لیس اسمارٹ فون کی مقبولیت کے سبب جاپان میں ڈیجٹل کیمروں کی منڈی سست روی کا شکار چلی آ رہی ہے لیکن اب اس میں بہتری کی علامات ظاہر ہو رہی ہیں۔ جاپانی نشریاتی ادارے کے مطابق نوجوان میں سمارٹ فون کی مقبولیت کے باوجود کیمرا سازوں میں مقابلہ زور پکڑ رہا ہے جس کے باعث بغیر آئینے والے کیمروں کی مانگ میں اضافہ ہوتا نظر آرہا ہے۔ کیمرا سازوں کا کہنا ہے کہ مزکورہ طبقہ سوشل میڈیا سائیٹس پر اچھی نظر آنے والی تصاویر کھینچنے کا رحجان رکھتا ہے۔ کیمرے کی مانگ کو دیکھتے ہوئے نِیکون کمپنی نے تین سالوں میں پہلی بار بغیر آئینے والے ڈیجٹل کیمرے کے نئے ماڈل لانچ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ان کیمروں میں اِنٹرچینج ایبل لینس استعمال ہوتے ہیں اور یہ سنگل لینس رفلیکس کیمروں سے چھوٹے اور ہلکے ہیں۔نئے ماڈل ہائی اینڈ کیمرے ہیں جو بڑے امیج سنسرز سے لیس ہیں اور ان سے کھینچی جانے والی تصاویر کا معیار سنگل لینس رفلیکس کیمروں کے مساوی ہے۔نِیکون یہ نئے ماڈل آئندہ ماہ تقریباً چار ہزار ڈالر میں فروخت کرے گا۔بغیر آئینے والے کیمروں کی منڈی میں ہائی اینڈ ماڈلز میں سونی کی سب پر سبقت چلی آ رہی ہے۔ کینن اپنا نیا ماڈل رواں سال کے اختتام تک متعارف کرانے کا ارادہ رکھتا ہے۔فْوجی فلم کمپنی نے بغیر آئینے والے کیمروں کے لیے اِنٹرچینج ایبل لینسز کی پیداوار کو موجودہ سطح سے بڑھا کر 1.7 گْنا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔