خبرنامہ

فون کو سونار بناکر آپ کی آواز محفوظ رکھنے والی ایپ

فون کو سونار بناکر آپ کی آواز محفوظ رکھنے والی ایپ
لندن:(ملت آن لائن) ایک ایپ کے ذریعے آپ اپنے فون کو سونار میں تبدیل کرسکتے ہیں جو آپ کے ہونٹوں کی حرکات اور الفاظ کی ادائیگی کو نوٹ کرتا ہے اور اگلی مرتبہ اس بات کا خیال رکھتا ہے کہ فون پر آپ ہی بات کررہے ہیں۔ ’ماؤتھ پرنٹ‘ نامی اس ایپ کا مقصد آپ کی فون کالز کو محفوظ بنانا ہے۔ یہ ایپ آواز پہچاننے کے روایتی انداز کی بجائے فون سے آواز کی لہریں خارج کرتی ہے اور بولنے والے کے لبوں کی حرکات وسکنات کو نوٹ کرتی ہے، اس سے ’اسپوفنگ‘ اور وائس ہیکنگ کا خاتمہ ہوسکتا ہے ۔ اس عمل کے ذریعے سائبر دنیا کے ان چوروں کو ناکام بنایا جاسکتا ہے جو کسی کی آواز ریکارڈ کرکے اسے دوسروں کو دھوکا دینے یا ڈیٹا تک رسائی کے لیے استعمال کرتے ہیں۔
ایپ کا سونار سسٹم بولنے والے کو اسی لمحہ نوٹ کرتا ہے تاکہ ’جوابی حملوں‘ (ریپلے اٹیکس) کو روکا جاسکے۔ ترقی یافتہ ممالک میں لوگ اپنی آواز اور ویڈیو کے ذریعے اپنے بولنے کا انداز کئی جگہ ریکارڈ کرارہے ہیں اور یوں ان کی آواز کی عین نقل کمپیوٹر پر بنا کر اسے ریپلے اٹیکس کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ ریپلے اٹیک یا نیٹ ورک اٹیک کے ذریعے آپ کی آواز استعمال کرکے ڈیٹا بیس سے ڈیٹا چوری کیا جاسکتا ہے کیونکہ ترقی یافتہ ممالک میں کئی کمپیوٹر پروگرام یوزر کی آواز سے کام کرتے ہیں۔ اسی طرح ترقی یافتہ ممالک میں آواز بطور پاس ورڈ بھی استعمال ہورہی ہے۔
یہ نظام ریڈار کی طرز پر سونار کی طرح کام کرتا ہے یعنی آواز کی لہریں واپس لوٹتی ہے اور ایپ آپ کی ہونٹوں کی حرکات اور آواز کا باہم موازنہ کرکے آپ کی آواز کو ریکارڈ کرتا ہے۔
اس ٹیکنالوجی کو گوگل اینڈ روئڈ کے لیے استعمال پر غور کررہا ہے اور شاید اگلے سال فروری تک اسے جاری کردیا جائے گا۔ اسے ایمیزون ایکو یا گوگل ہوم کے لیے بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔ یہ دونوں نظام آپ کی آواز سن کر اہم امور انجام دیتے ہیں اور اگر کوئی آپ کی آواز کاپی کرلےتو یہ گھر کے اہم گوشے بھی آپ کے ذریعے کھول سکتا ہے۔ اگرچہ گوگل ہوم دوسروں کی آوزوں سے چل سکتا ہے لیکن اس پر مخصوص آوازوں اور لہجوں کی بندش یا سیکیورٹی لگائی جاسکتی ہے۔ واضح رہے کہ ایپ اس عمل کو ڈوپلر ریڈار کے تحت انجام دیتی ہے۔