خبرنامہ

ٹوئٹر کا اظہار خیال کیلیے الفاظ کی حد ختم کرنے کا اعلان

سان فرانسسكو:(اے پی پی) ٹویٹر نے آئندہ ہفتے سے 140 الفاظ کے ٹویٹس لکھنے کی حد ختم کرنے کا اعلان کیا ہے جس کے بعد کروڑوں صارفین کو اپنا طویل پیغام پہنچانے میں معاونت مل سکے گی۔19 ستمبر سے ٹویٹر تصاویر، گفس اور ویڈیوز کو الفاظ کے طور پر شامل نہیں کررہا جس سے طویل پیغام لکھنے کی سہولت ہوگی۔ ٹویٹر کے نئے سیٹ اپ میں حوالہ جاتی (کوٹ کی جانے والی) ٹویٹس کو بھی شمار نہیں کیا جائے گا اور صارفین مزید الفاظ لکھ سکیں گے۔ ٹویٹر میں ایک نیا بٹن شامل کیا جارہا ہے جس کے تحت صارفین ری ٹویٹ اور اپنے الفاظ (کوٹس) بھی بھیج سکیں گے تاہم یہ معلوم نہ ہوسکا ہے کہ تمام تبدیلیاں یکلخت 19 ستمبر سے کی جائیں گی یا پھر انہیں دھیرے دھیرے لاگو کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ ان تبدیلیوں کا انکشاف ٹویٹر نے اس سال مئی میں کیا تھا۔ اس موقع پر ٹویٹر کے سینیئر پراڈکٹ مینیجر نے کہا کہ آنے والے مہینوں میں ٹویٹس کو سادہ بنانے اور 140 الفاظ کی حد بڑھانے پر کام کیا جائے گا۔ مثلاً جواب میں لکھے جانے والے نام names@ اور تصاویراور ویڈیوز کو الفاظ کی فہرست سے نکال دیا گیا ہے۔ اس سے قبل ٹویٹر کے بارے میں کہا جارہا تھا وہ 140 الفاظ کے ٹویٹ کو کئی ہزار الفاظ تک بڑھا رہا ہے لیکن ٹویٹر کے سی ای او کے مطابق اس حد کو ختم نہیں کیا جارہا کیونکہ یہ مختصر پیغام رسانی کا ایک خوبصورت طریقہ ہے۔