خبرنامہ

سکولوں میں جا کر معیار تعلیم کا خود جائزہ لوں گا، وزیراعظم

اسلام آباد: (ملت+آئی این پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ سب بچے نواز شریف کی جان ہیں‘ بچے پاکستان کے مستقبل کے معمار ہیں‘ اسلام آباد تعلیم کے لحاظ سے ایک ماڈل شہر ہونا چاہئے‘ آنے والے وقت میں اسلام آباد دنیا کا خوبصورت ترین شہر ہوگا‘ سکولوں میں جا کر معیار تعلیم کا خود جائزہ لوں گا‘ بچوں کے داخلوں اور اساتذہ کی بھرتیاں میرٹ پر ہونی چاہئیں‘ بسوں کی فراہمی سے بچوں کے والدین کی پریشانی ختم ہوجائے گی۔ وہ بدھ کو اسلام آباد میں تعلیمی اصلاحات پروگرام کے حوالے سے تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ بچے معصوم اور من کے سچے ہوتے ہیں۔ سب بچے نواز شریف کی جان ہیں مجھے سب بچوں پر فخر ہے۔ دعا ہے کہ اﷲ بچوں کو پاکستان کی خدمت کے قابل بنائے۔ بچے پاکستان کے مستقبل کے معمار ہیں۔ ہم نے پاکستان کے لئے جو کیا بچے اس سے سو گنا زیادہ کریں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ سکولوں میں تعلیم کا معیار بہت اعلیٰ ہونا چاہیئے ۔ پڑھ لکھ کر جب بچے کسی منصب پر پہنچیں تو انہیں کرسی پر بیٹھنے کا مزہ آئے گا۔ ہم اور آپ ایسا خوبصورت پاکستان بنائیں گے کہ اس کی خدمت پر آپ کو فخر کہوگا۔ بسوں کی فراہمی سے بچوں کے والدین کی پریشانی ختم ہوجائے گی۔ سکولوں کی عمارتیں خوبصورت اور ماحول بہترین ہونا چاہئے۔ نواز شریف نے کہا کہ بچوں کے داخلوں اور اساتذہ کی بھرتیاں میرٹ پر ہونی چاہئیں۔ باقی ایک سو تیس بسیں بھی جلد سکولوں کو فراہم کی جائیں گی۔ 422سکولوں کے لئے 422 بسیں ہونی چاہئیں۔ اسلام آباد تعلیم کے لحاظ سے ایک ماڈل شہر ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے میئر اسلام آباد کو ہدایت کی ہے کہ اسلام آباد شہر کی شاہرائیں‘ گلیاں اور سٹریٹ لائٹس بہترین بنائیں۔ آنے والے وقت میں اسلام آباد دنیا کا خوبصورت ترین شہر ہوگا۔ مریم نواز نونہالوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ دے رہی ہیں۔ بچے نواز شریف کے دل کی دھڑکن ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہسکولوں میں جا کر معیار تعلیم کا خود جائزہ لوں گا۔ دعا گو ہوں کہ اﷲ تعالیٰ سب کو پاکستان کی خدمت کی توفیق دے۔ وزیراعظم نے مختلف سکولوں کے بچوں کو بسوں کی چابیاں دیں اور ماڈل بس کا کیک کاٹا۔ وزیراعظم نے اس موقع پر سکول بس میں بیٹھ کر بس کا معائنہ بھی کیا۔ (ن غ)