خبرنامہ

نواز شریف پاناما کیس کے بعد بھی ملک کے وزیراعظم رہیں گے: شہباز شریف

قصور (ملت آن لائن + آئی این پی) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہاہے کہ سوئس بینکوں میں پڑا 6 ارب روپیہ پکار رہا ہے کہ زرداری مجھے آکر لے جاؤ۔ قصور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ نواز شریف پاناما فیصلے کے بعد بھی ملک کے وزیراعظم ہی رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ مہذب قومیں فیصلہ مانتی ہیں ۔وزیراعظم آئندہ ماہ ساہیوال میں کول پاور پلانٹ کا افتتاح کرینگے۔ ان کا کہنا تھا کہ قرضے معاف کرانے والے بھی اپنے گریبان میں جھانکیں جب کہ سرے محل پر کسی نے عدالت نہیں لگائی اور سوئس بینکوں میں پڑا 6 ارب روپیہ پکار رہا ہے کہ زرداری مجھے آ کر لے جاؤ۔ غریبوں کا پیسہ کھانے والے کس طرح کرپشن کے خلاف بات کر سکتے ہیں اور زرداری کس منہ سے اقتصادی راہداری کی بات کرتے ہیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ ڈیموں میں پانی کی کمی ہے جسے پورا کرنا انسان کے بس میں نہیں ہے البتہ بجلی فراہم کرنے والی تمام کمپنیوں کے حکام کو کہ دیا ہے کہ جو افراد لوڈ شیڈنگ کے مرتبک ہیں انہیں کٹہرے میں لانا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ اگلے سال کے اوائل میں ملک سے اندھیرے چھٹ جائیں گے، ملک میں اجالے ہوں گے اور پاکستان ترقی کرے گا۔