خبرنامہ

خطے میں امن کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہیں، امریکا

واشنگٹن:(ملت+اے پی پی) امریکا کی قومی سلامتی کی مشیر سوزان رائس کا کہنا ہے کہ خطے میں امن کے لئے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہیں۔ وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور طارق فاطمی نے واشنگٹن میں امریکا کی قومی سلامتی کی مشیر سوزان رائس سے ملاقات کی۔ اس موقع پر طارق فاطمی نے بھارتی افواج کی جانب سے ورکنگ باؤنڈری اور لائن آف کنٹرول پر کی جانے والی مسلسل خلاف ورزیوں کا معاملہ اٹھایا۔ طارق فاطمی کا کہنا تھا کہ بھارتی افواج کی بلا اشتعال فائرنگ سے معصوم لوگ شہید ہو رہے ہیں جب کہ مقبوضہ کشمیر میں بھی بھارتی فوج کی جانب سے انسانی حقوق کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں۔ امریکا کی مشیر برائے قومی سلامتی سوزان رائس نے ایل او سی پر کشیدہ صورت حال پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے خطے میں امن کے قیام کے لئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کی خواہش ہے کہ پاکستان اور بھارت مذاکرات کے ذریعے تعلقات بحال ہوں۔