خبرنامہ

انٹر نیشنل کاٹن ایڈوائزری کمیٹی کا اہم اجلاس 30اکتوبر کو ہو گا

فیصل آباد :(اے پی پی )انٹر نیشنل کاٹن ایڈوائزری کمیٹی کا اہم اجلاس 30اکتوبر کو اسلام آباد میں شروع ہو گا جبکہ 55سال بعد پاکستان میں منعقد ہونے والے اس چھ روزہ اجلاس میں دنیا بھر کے کپاس پیدا کرنے والے 48ممالک کے 400سے زائد مندوبین شرکت کریں گے جس میں گزشتہ سال کے کپاس کے بحران کے باعث امسال زیر کاشتہ کپاس کے رقبہ میں 30فیصد کمی سمیت اہم امور بھی زیر بحث لائے جائیں گے جبکہ ایونٹ کے شاندار انعقاد کیلئے تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔وزارت ٹیکسٹائل انڈسٹری کے ذرائع نے بتایاکہ مذکورہ کانفرنس کے شرکاء پاکستان کے ٹیکسٹائل کے شعبہ کی معاشی قوت کا عملی مظاہرہ دیکھنے کے لئے 3 روز کیلئے فیصل آباد کا بھی دورہ کرینگے ۔انہوں نے بتایا کہ اس سے قبل یہ بین الاقوامی میٹنگ 1951 ء میں پاکستان میں ہوئی تھی جب کہ اب دوبارہ55 سال کے بعد یہ میٹنگ دوبارہ پاکستان میں ہو رہی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ اس میٹنگ کا مقصد بین الاقوامی سطح پر کپاس کی پالیسیوں کی تشکیل کیلئے ایک بین الاقوامی مشاورتی پلیٹ فارم مہیا کرتا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ اس کانفرنس کے مندوبین کپاس کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالیں گے ۔انہوں نے بتایا کہ اس میٹنگ کے دوران ایک کاٹن کانفرنس بھی ہو گی جس کا عنوان ایمر جنگ ڈائنا مکس کاٹن ویلیوچین کی پائیداری میں اضافہ رکھا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان کپاس پیدا کرنے والا چوتھا بڑا ملک ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان کا شمار اس وقت دنیا کی ابھرتی ہوئی معیشتوں میں ہوتا ہے جس میں ٹیکسٹائل کو کلیدی اہمیت حاصل ہے اس لئے یہاں ثقافتی، تفریحی اور معلوماتی نوعیت کے کئی پروگرام ترتیب دیئے جائیں گے تاکہ مقامی صنعتکار ان میں اپنی مصنوعات کی تشہیر بھی کر سکیں ۔انہوں نے بتایا کہ اس کانفرنس کے مندوب جنگ ملز کے علاوہ فیصل آباد کی مشہور سوتر منڈی کا بھی دورہ کرینگے ۔