خبرنامہ

انڈونیشیا نے پاکستان سے سیزن میں کینو کی برآمد دوگنا بڑھادی

اسلام آباد: (ملت+اے پی پی) وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر خان کے دورہ انڈونیشیا اور ترجیحی تجارتی معاہدہ پر نظرثانی کے نتیجہ میں انڈونیشیا نے پاکستان سے سیزن میں کینو کی برآمد دوگنا بڑھا دی ہے، ابتدائی طور پر پاکستان سے کینو کی یہ برآمد صرف مارچ اور فروری کے مہینوں میں ہوتی تھی جو اب جنوری سے اپریل تک کے لئے دوگنا ہوگئی ہے۔ انڈونیشیا کی حکومت نے بھی اس ضمن میں سرکاری نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ موجودہ حکومت کی کامیاب تجارتی سفارتکاری کے باعث پاکستانی برآمد ی کینو کی مقبولیت کی وجہ سے اب انڈونیشین مارکیٹوں تک رسائی بھی بڑھ گئی ہے۔ وزیر تجارت نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں حکومت تجارت کے فروغ کے لئے انتھک محنت سے کام کر رہی ہے اور آنے والے مہینوں میں مزید آزادانہ تجارت کے کئی معاہدوں پر دستخط ہوں گے جس سے پاکستانی مصنوعات کے لئے مزید کئی مارکیٹیں کھل جائیں گی۔ وزیر تجارت نے انڈونیشیا کے ساتھ مذاکرات کرنے والی ٹیم کی کوششوں اور کامیابیوں کو سراہا۔ وفاقی وزیر خرم دستگیر خان نے ٹیم کے ارکان کو ہدایت کی ہے کہ وہ اقتصادی و تجارتی سفارتکاری کی اپنی کوششیں اور انتھک محنت سے کام جاری رکھیں تاکہ پاکستانی عوام کے فائدہ کے لئے پاکستانی برآمدات میں اضافہ کیا جا سکے۔