خبرنامہ

انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آج آخری تاریخ

ٹیکس دہندگان

اسلام آباد:(ملت آن لائن) فیڈرل بورڈ آف ریوینیو (ایف بی آر) کی جانب سے شہریوں کو انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کے لیے دی گئی ڈیڈلائن آج ختم ہورہی ہے۔

واضح رہے کہ رواں برس ستمبر میں ایف بی آر نے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی تاریخ میں 30 نومبر تک کا اضافہ کیا تھا۔

ذرائع کے مطابق انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں مزید توسیع نہیں کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والوں کا نام فوری طور پر ایکٹو ٹیکس پیئر لسٹ میں آجائے گا۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ کسی بھی مالیت کی غیر منقولہ جائیداد خریدنے پر ٹیکس فائلرز کے لیے کوئی پابندی نہیں ہوگی جبکہ نان فائلر 50 لاکھ سے زائد کی جائیداد نہیں خرید سکیں گے۔

دوسری جانب نان فائلر ہونے کی صورت میں ڈیڑھ سے دو گنا زیادہ وِد ہولڈنگ ٹیکس دینا پڑے گا جبکہ نان فائلر کی نسبت فائلرز کو آدھا وِد ہولڈنگ ٹیکس دینا پڑے گا۔

علاوہ ازیں نان فائلر کو مختلف ادائیگیوں کی مد میں فائلر کی نسبت زیادہ رقم ادا کرنا پڑے گی۔

یہ بھی واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے تنخواہ دار طبقے کو گوشوارے دیر سے جمع کرانے پر جرمانہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیر مملکت برائے ریونیو حماد اظہر نے گذشتہ دنوں اپنے ٹوئٹر پیغام میں حکومتی فیصلے سے آگاہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ تنخواہ دار طبقے کو گوشوارے لیٹ جمع کرانے پر آڈٹ سے استثنیٰ دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔