خبرنامہ

ایشیاء و بحرالکاہل کے 36 ممالک میں سے پاکستان مالیاتی خسارہ کا سامنا کرنے والا تیسرا بڑا ملک،اے ڈی بی

اسلام آباد ۔(ملت آن لائن) ایشیاء و بحرالکاہل کے 36 ممالک میں سے پاکستان مالیاتی خسارہ کا سامنا کرنے والا تیسرا بڑا ملک ہے۔ ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کی رپورٹ ’’کی انڈیکیٹرز فار ایشیا اینڈ پیسیفک 2018ء‘‘ کے مطابق مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کے خسارہ کا سامنا کرنے والا خطے کا پہلا ملک برونائی دارالسلام ہے جس کی معیشت کو جی ڈی پی کے 9.9 فیصد خسارے کا سامنا ہے جبکہ منگولیا کو جی ڈی پی کے 6.2 فیصد کا خسارہ ہے۔ رپورٹ کے مطابق خطے کا تیسرا ملک پاکستان ہے جس کا جی ڈی پی خسارہ 5.8 فیصد اور میانمار کا جی ڈی پی خسارہ 5.7 فیصد ہے۔ اے ڈی بی کی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان میں بچوں کو غذائی قلت کا سامنا ہے اور ان کی نشوونما عالمی معیارات کے مقابلہ میں کم ہے۔ پاکستان میں 45 فیصد بچوں کو غذائی قلت کے باعث نشوونما کے مسائل درپیش ہیں جبکہ پڑوسی ملک افغانستان میں یہ شرح 40.9 فیصد ہے۔ اے ڈی بی کے اعدادوشمار کے مطابق خطے کی 18 میں سے صرف 5 معیشتوں کے 95 فیصد عوام کو پینے کا صاف پانی دستیاب ہے۔ ایشیائی ترقیاتی بینک نے ایشیا و بحرالکاہل کے ممالک کے حوالے سے تعلیم، صحت اور دیگر بنیادی سہولیات پر بھی روشنی ڈالی ہے۔