خبرنامہ

ایف بی آر کا دو نئے انٹیلی جنس ڈائریکٹوریٹ بنانے کا فیصلہ

اسلام آباد: (ملت+اے پی پی) وفاقی حکومت نے ملک بھر میں منی لانڈرنگ اورٹیکس چوروں کے خلاف گھیرا تنگ کرنے کیلیے دو نئے ڈائریکٹوریٹ انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن ان لینڈ ریونیو قائم کرنے کا اصولی فیصلہ کیا ہے۔ وزارت خزانہ کو ایف بی آرکی جانب سے تجاویز پر مشتمل لیٹر موصول ہوا ہے جس میں ڈائریکٹوریٹ آف انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن ان لینڈ ریونیوکراچی اور ڈائریکٹوریٹ ان لینڈ ریونیوگوجرانوالہ کے نام سے مزید دو نئے ڈائریکٹوریٹ قائم کرنے کی تجویز دی گئی ہے جبکہ دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ ملک میں ٹیکس نیٹ بڑھانے اور ٹیکس چوری و ٹیکس فراڈکی روک تھام کیلیے2011 میں ڈائریکٹوریٹ جنرل انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن ان لینڈ ریونیو کا قیام عمل میں لایا گیا تھا جو بھرپور طریقے سے فیلڈ فارمشنزکی مدد و سپورٹ کررہا ہے۔ رواں مالی سال 2016-17کے دوران اس ڈائریکٹوریٹ کو بہت سی اضافی ذمے داریاں دی گئی ہیں،لاہور اورکراچی ڈائریکٹوریٹ پر بوجھ بہت زیادہ بڑھ گیا ہے تاہم کراچی اور لاہورڈائریکٹوریٹ کی حدود میں آنے والے علاقوں میں بڑے پیمانے پر نئے لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں لایا جا سکتا ہے اس لیے ضروری ہے کہ دو نئے ڈائریکٹوریٹ قائم کیے جائیں۔