خبرنامہ

جنریٹرز کی درآمدات میں اضافہ

اسلام آباد (ملت + اے پی پی) جنریٹرز کی ملکی درآمدات میں 166 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ رواں مالی سال 2016-17ء کے پہلے چار ماہ میں جولائی تا اکتوبر کے دوران جنریٹرز کی ملکی درآمدات 1.14 ارب ڈالر تک بڑھ گئیں۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ مالی سال 2015-16ء کے اسی عرصہ کے دوران جنریٹرز کی درآمدات 431 ملین ڈالر رہی تھیں۔ اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں جاری مالی سال میں جولائی تا اکتوبر 2016ء کے دوران جنریٹروں کی درآمدات میں 166 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال کے اختتام پر جنریٹرز کی مجموعی درآمد کا حجم 1.4 ارب ڈالر رہا تھا جبکہ اس سے گزشتہ مالی سال میں درآمدی بل 1.1 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ پی بی ایس کے مطابق مالی سال 2012-13ء سے لیکر اب تک مجموعی طور پر 6 ارب ڈالر سے زائد کے جنریٹر درآمد کئے جاچکے ہیں۔ پاکستان مشینری مرچنٹس گروپ ( پی ایم ایم جی) کے صدر خرم سہگل نے اس حوالے سے کہا ہے کہ گھریلو اور صنعتی جنریٹروں کی درآمد میں کمی کا رجحان ہے تاہم سرکاری اور نجی شعبہ کے منصوبوں کے لئے ہیوی ڈیوٹی جنریٹروں کی درآمدات میں اضافہ سے جنریٹرز کا درآمدی بل بڑھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں گھریلو اور صنعتی استعمال کے لئے جنریٹر درآمد کئے جاتے رہے ہیں جبکہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ (سی پیک) کے تحت سرکاری و نجی منصوبوں کے لئے بڑے جنریٹرز کی درآمد میں اضافہ کے باعث درآمدی بل میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔