خبرنامہ

جولائی تااگست ، مجموعی غیرملکی سرمایہ کاری میں 37 فیصد اضافہ

جولائی تااگست ، مجموعی غیرملکی سرمایہ کاری میں 37 فیصد اضافہ

کراچی(ملت آن لائن) اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 2 ماہ کے دوران مجموعی غیرملکی سرمایہ کاری 37فیصد اضافے سے 30کروڑ 18لاکھ ڈالر رہی۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق 2 ماہ کے دوران غیرملکی نجی سرمایہ کاری 50 فیصد اضافے سے 35کروڑ 14لاکھ ڈالر رہی، 2 ماہ کی پورٹ فولیو سرمایہ کاری منفی 10کروڑ 57 لاکھ ڈالر رہی جب کہ غیر ملکی پبلک انوسٹمنٹ منفی 4 کروڑ 96 لاکھ ڈالر رہی۔

اگست کے مہینے میں 23کروڑ 45 لاکھ ڈالر کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کے بعد رواں مالی سال کے پہلے 2 ماہ کے دوران پاکستان میں کی گئی بیرونی براہ راست سرمایہ کاری کی مالیت 45 کروڑ 72 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی اگست 2017کے دوران کی جانے والی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 27کروڑ 78لاکھ ڈالر (55فیصد) زائد ہے۔

اگست 2017کے مہینے میں غیر ملکی نجی سرمایہ کاری اگست 2016کی 8کروڑ 53 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کے مقابلے میں 14کروڑ ڈالر رہی۔

اگست 2017میں پورٹ فولیور سرمایہ کاری منفی 9کروڑ 43 لاکھ ڈالر رہی جو اگست 2016 میں منفی 94 لاکھ ڈالر رہی تھی۔

غیرملکی پبلک انوسٹمنٹ میں بھی کمی کا رجحان رہا اور اگست 2017کے دوران غیر ملکی پبلک انوسٹمنٹ منفی 5کروڑ 3لاکھ ڈالر رہی اس طرح اگست 2017کے مہینے میں مجموعی غیرملکی سرمایہ کاری کی مالیت 8کروڑ 99لاکھ ڈالر تک محدود رہی جو اگست 2016کے دوران 8کروڑ 60لاکھ ڈالررہی تھی۔