خبرنامہ

حکومت نے اختلافات پر نیشنل بینک کے صدر کو ہٹا دیا

لاہور:(ملت+اے پی پی) حکومت نے ملک کے اہم ترین سرکاری مالیاتی ادارے نیشنل بینک آف پاکستان (این بی پی) کے سربراہ احمد اقبال اشرف سے بعض امور پر اختلافات کے باعث انکی جگہ مسعود کریم شیخ کو نیا سربراہ تعینات کردیا ہے۔ مسعود کریم شیخ کل (ہفتے کو) اپنے عہدے کا چارج حاصل کر یں گے جبکہ ذمے دار ذرائع نے ایکسپریس انویسٹی گیشن سیل کو بتایا کہ بعض اہم ترین معاملات میں احمد اقبال اشرف سے حکومت کے اختلافات پیدا ہوگئے تھے جس کی وجہ سے ان کی جگہ مسعود کریم شیخ کو عارضی طورپر نیشنل بینک آف پاکستان کا قائم مقام صدر لگانے کے احکام جاری کیے گئے ہیں۔ نیشنل بینک کے نئے تعینات ہونے والے سربراہ مسعود کریم شیخ اس سے قبل نیشنل بینک آف پاکستان کے ہیڈ آفس میں سینئر ایگزیکٹو وائس پریذیڈنٹ کے عہدے پر فرائض سرانجام دے رہے تھے۔