خبرنامہ

درآمدی ایل پی جی کی قیمت میں 5روپےفی کلواضافہ

کراچی:(اے پی پی) ایل پی جی کی قیمت میں 5 روپے فی کلو، 60 روپے فی گھریلو سلنڈراور 240 روپے فی کمرشل سلنڈر اضافہ ہو گیا۔ بین الاقوامی منڈی میں ایل پی جی کی قیمت میں 20ڈالر فی میٹرک ٹن اضافے کے بعد قیمت 288ڈالر سے 308 ڈالر فی میٹرک ٹن تک پہنچ گئی۔ دوسری طرف کراچی پورٹ پر ٹرمینل (ای وی ٹی ایل) نے بھی درآمدی گیس کی اسٹوریج پر بے بنیاد اضافہ کر دیا، پوری دنیا میں 10 ڈالر فی ٹن چارجز ہوتے ہیں جبکہ ای وی ٹی ایل نے چارجز 25ڈالر فی ٹن سے بڑھا کر 32 ڈالر فی میٹرک ٹن کر دیے ہیں۔ ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن پاکستان کے چیئرمین عرفان کھوکھر نے کہا ہے کہ لوکل پیداواری اداروں نے قیمتوں میں ابھی تک کسی بھی قسم کا ردو بدل نہیں کیا، 3 ستمبر 2016 کو لوکل پیداواری ادارے اپنے نئی قیمت جاری کریں گے۔ اس کے بعد ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوی ایشن پاکستان تمام شہروں کی قیمت جاری کرے گی۔ انھوں نے کہاکہ سردیوں میںقدرتی گیس میں کمی کے باعث کھپت میں 35 سے 45 فیصد اضافہ ہو جاتا ہے، طلب و رسد کو پورا کرنے کے لیے ماہانہ50سے 60ہزار میٹرک ٹن گیس کی درآمد کی ضرورت ہے، اس بار سردیوںمیں طلب و رسد کو پورا کرنے کے لیے 3لاکھ میٹرک ٹن مزید درآمدی گیس کی ضرورت ہے جو امپورٹ نہ کی گئی توسال 2014کی طرح ایل پی جی کی قیمت 250روپے فی کلو سے تجاوز کر جائے گی۔