خبرنامہ

سوکی کیناری ہائیڈرو پاور پراجیکٹ سے خیبر پختونخوا کو سالانہ ڈیڑھ ارب روپے ملیں گے‘عاطف خان

پشاور۔24 اگست (اے پی پی) حکومت خیبر پختونخوا اور ایس کے ہائیڈرو پرائیوٹ لمٹیڈ اور انڈسٹریل اینڈ کمرشل بنک آف چائنہ لمیٹیڈکے مابین پانی کے استعمال کے معاہدے کے تحت 870میگاواٹ سوکی کیناری ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے منصوبے پر صوبائی وزیر توانائی و برقیات اور تعلیم محمد عاطف خان کی موجودگی میں بدھ کے روز پشاور میں باقاعدہ دستخط ہو گئے۔معاہدے کے تحت یہ منصوبہ 2سو ارب روپے کی لاگت سے پانچ سال کی مدت میں مکمل ہو گا ۔اس سے صوبے کو واٹر یوزڈ چارجز کی مد میں سالانہ ڈیڑھ ارب روپے ملیں گے جبکہ اس میں سے صوبے کو 113 میگاواٹ اضافی بجلی ملے گی۔مذکورہ منصوبے سے پیدا ہونے والی بجلی نیشنل گریڈ کو جائے گی جسے بعد میں پورے ملک کو دی جائے گی۔30سال بعد یہ منصوبہ بلا معاوضہ حکومت خیبر پختونخوا کے حوالہ کیا جائے گا اور اس کی ساری آمدنی صوبے کو ملے گی۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر توانائی و برقیات محمد عاطف خان نے کہا کہ یہ منصوبہ صرف خیبر پختونخوا کیلئے نہیں بلکہ پورے ملک کیلئے برابر سودمند ہو گااور اس سے پاکستان میں جاری بجلی کی قلت پر کافی حد تک قابو پا لیا جائے گا۔اانہوں نے انکشاف کیا کہ 69میگاواٹ لاوی ،84میگاواٹ مٹلتان ،ایشائی بنک کے تعاون سے 300 میگاواٹ بالاکوٹ اور شرمائی پاور پراجیکٹس کے معاہدوں پر بھی عنقریب دستخط ہونگے اور باقاعدہ کام شروع کر دیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ کوئلے کے مقابلے میں پانی سے پیداہونے والی بجلی نہ صرف سستی بلکہ ماحولیاتی اعتبار سے بھی زیادہ مفید ہے اور اس کے علاوہ زرمبادلہ بھی باہر نہیں جاتا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ان منصوبوں کے صوبے کے ساتھ ساتھ پورے ملک کی معیشت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہونگے اور عام آدمی کی حالت زار بہتر ہوگی۔