خبرنامہ

صدرمملکت سےرائس ایکسپورٹرزایسوسی ایشن آف پاکستان کےوفد کی ملاقات

اسلام آباد :(اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ چاول کی پیداوار اور برآمدات کو مزید بڑھانے کیلئے اعلیٰ معیار کے چاول کے بیج متعارف کرانے کی ضرورت ہے تاکہ اس کی مانگ میں مزید اضافہ ہو۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کو ایوان صدر میں رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین محمد شفیق کی سربراہی میں وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔ صدر مملکت نے کہا کہ رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان چاول کے شعبہ کی برآمد ات کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات کرے جس سے نہ صرف چاول برآمد کنندگان کو فائدہ ہو گا بلکہ کسان بھی اسے فائدہ اٹھا سکیں گے۔ صدرمملکت نے کہا کہ ٹریڈ ایسوسی ایشن کاروبار کو فروغ دینے اور برآمدات بڑھانے کیلئے اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ کاروباری اور صنعتی شعبوں کو سہولیات دینے کیلئے حکومت کی پالیسیاں درست سمت میں جا رہی ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ چاول کی صنعت پر بین الاقوامی منڈیوں میں قیمتیں کم ہو گئی ہیں جس سے اس سے وابستہ لوگوں کو نقصان ہوا ہے لیکن اس شعبہ سے وابستہ لوگوں نے عزم و ہمت کا مظاہرہ کیا جو کہ قابل تحسین ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ چاول کا شعبہ زرمبادلہ کے اعتبار سے پاکستان کا دوسرا بڑا شعبہ ہے لہٰذا اس کی حوصلہ افزائی اور اس میں مزید بہتری کیلئے حکومت ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ صدر مملکت نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ اس شعبہ میں بہتری اور چاول کی برآمدات میں اضافہ کیلئے اس کے راستے میں تمام رکاوٹوں کا خاتمہ کرنے میں تعاون کریں گے۔ صدرمملکت نے زرعی شعبہ سے وابستہ تحقیقاتی اداروں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ چاول کی زیادہ اور اعلیٰ پیداوار کیلئے بیج متعارف کرائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ فصل حاصل ہو اور ملک کی معیشت مضبوط ہو۔ وفد نے صدر مملکت کو چاول کی برآمدات میں اضافہ اور عمدہ فصل کیلئے اپنی تجاویز دیں اور باسمتی چاول کو پیٹینٹ کرنے میں مشکلات سے بھی آگاہ کیا۔ اس موقع پر وفد نے ملک کی برآمدات کے فروغ کیلئے حکومت کی جانب سے کئے گئے اقدامات کی تعریف کی۔