خبرنامہ

عیدالاضحی پر425 ارب روپے کے جانوروں کی خریداری

کراچی/لاہور:(اے پی پی) ملک بھر میں عیدالاضحی پرلاکھوں جانوروں کی قربانی کے باعث رواںمالی سال کی سب سے بڑی معاشی سرگرمیاں ہوئیں، ملک بھر میں عیدالاضحی پر پاکستانیوں نے 425 ارب روپے کے جانور خریدے، قصابوں نے بھی تقریباً 23 ارب سے زائد کمائے۔ ملک بھر میں مجموعی طو رپر لاکھوں کی تعداد میں گائے، بیل، بکرے، دنبے اور اونٹ خریدے گئے جن پر اربوں روپے خرچ ہوئے۔ ایک اندازے کے مطابق پاکستان میں 26 لاکھ گائے، بیل خریدے گئے جن کی کل مالیت تقریباً 182 ارب روپے بنتی ہے، اسی طرح 40 لاکھ بکروں کی خریداری بھی تقریباً 100 ارب روپے میں ہوئی۔ 8 لاکھ دنبے خریدنے پر عوام نے 16 ارب خرچ کیے جب کہ ایک لاکھ اوسط قیمت کے مطابق 3 ہزار اونٹ 30 کروڑ روپے میں خریدے گئے۔ ایک اندازے کے مطابق قصابوں نے مجموعی طور پر23 ارب 40 کروڑ کمائے۔ جانوروں کو منڈی سے لانے پر تقریباً 5 ارب کرائے کی مد میں ادا کیے گئے۔ جانوروں کے چارے پر تقریباًپونے4 ارب اخراجات آئے۔ کھالوں کی خرید اور فروخت سے بھی اربوں روپے کا کاروبار ہوا۔