خبرنامہ

معاشی بحران پر قابو پا لیا، نومبر 2017 میں لوڈشیڈنگ ختم ہوجائے گی، اسحٰق ڈار

پیرس/ اسلام آباد:(اے پی پی) وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان سے بجلی کا بحران نومبر2017 میں مکمل طور پر ختم ہو جائے گا۔ 2018 میں 10 ہزار میگاواٹ بجلی کی پیداوار میں اضافہ ہو گا، پاکستان نے اقتصادی ومعاشی بحران پر قابو پا لیا۔ فرانس کے پاکستانی سفارت خانے میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرخزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ٹیکس چوری کے سدباب کیلیے موثر اقدام کیے ہیں، پاکستان 14 ستمبر سے ٹیکس سے امور سے متعلق اوای سی ڈی کا ممبر بن گیا ہے، فرانس کے ساتھ اقتصادی و تجارتی تعلقات کو فروغ دینے، دوطرفہ تعلقات بڑھانے کے حوالے سے بات چیت ہوئی ہے، فرانس پاکستان میں توانائی اور آٹو انڈسٹری کے شعبوںمیںسرمایہ کاری کرے گا۔ وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے، پاکستان اور فرانس کی مشترکہ اقتصادی کمیٹی وزارتی سطح پر قائم کرکے دو طرفہ تجارتی حجم ایک ارب ڈالرسے بڑھایا جائے گا، اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلیے ہرممکن اقدام کر رہے ہیں، ایئرپورٹس پرجدید آلات نصب کیے جائیں گے۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے بتایا کہ پیر سے جمعہ تک فرانس میں قیام کے دوران فرانس کے وزیر خارجہ، وزیرخزانہ ، فرانس کے تجارتی نمائندوں اور چیمبر آف کامرس، پاکستانی کمیونٹی کے نمائندوں سے ملاقاتیں کی ہیں۔ وزیرخزانہ نے او ای سی ڈی کا ممبر بننے کیلیے فنانس بل 15,16 کے سیکشن 107 میں ترمیم کی۔ انھوں نے کہاکہ فرانس کے وزیرخارجہ کے ساتھ ملاقات انتہائی مفید اور حوصلہ افزا رہی ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے حوالے سے خصوصی طور پر آگاہ کیا۔ ایک سوال پر وزیرخزانہ نے بتایاکہ اگلے سال جون تک لوڈشیڈنگ کم ہو کر3 گھنٹے رہ جائے گی جبکہ نومبر2017 میںلوڈشیڈنگ کامکمل خاتمہ ہوجائے گا۔ 2018 تک بجلی کی پیداوار10ہزارمیگاواٹ ہوجائے گی۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان ہائیڈل، کول اور نیوکلیئر ٹیکنالوجی کے ذریعہ بجلی کی پیداواربڑھارہاہے ۔ وزیر خزانہ نے بتایا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلیے ہرممکن اقدام کررہے ہیں۔ وزیرخزانہ سینیٹراسحاق ڈار کے ساتھ پیرس میں ایک ملاقات کے دوران فرانس کے وزیرخزانہ مائیکل سیپن نے پاکستان کی جانب سے گزشتہ 3 برسوں میں شاندار معاشی کامیابیوںکوسراہتے ہوئے کہاکہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ تجارتی اورمعاشی تعلقات مستحکم بنانے اور سرمایہ کاری کے سازگار ماحول سے فائدہ اٹھانے کا خواہاں ہے۔ فرانسیسی وزیر خزانہ نے پاکستان کی معاشی ترقی پر وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کو مبارکباد بھی دی۔