خبرنامہ

وزیرخزانہ اسدعمرکی زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کااجلاس

اسلام آباد:(ملت آن لائن) وزیرخزانہ اسد عمرکی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں مختلف منصوبوں کی منظوری دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ اسد عمر کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں پاسکو کے ذخائر میں موجود 2 لاکھ ٹن گندم پولٹری ایسوسی ایشن کو فروخت کرنے کی منظوری دی گئی۔

پاسکو پولٹری ایسوسی ایشن کو گندم 1300 روپے فی من فروخت کرے گا۔

اجلاس میں اسٹیل مل کے وفات پانے والے ملازمین کو پراویڈنٹ، گریجویٹی اور دیگر بقایا جات دینے کی منظوری دے دی گئی۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے طور خم بارڈر کے راستے افغانستان سے کاٹن درآمد کرنے کی بھی اجازت دے دی، افغانستان سے درآمد کاٹن کے لیے این پی پی او سے فائٹو سینٹری کا سرٹیفکیٹ لانا لازمی ہوگا۔

اس سے قبل ہونے والے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں وزیر خزانہ نے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کے لیے خصوصی پیکج کی منظوری دی تھی۔

اجلاس میں برٹ رسم گیس فیلڈ سے سوئی سدرن کو 100 ایم ایم سی ایف ڈی گیس اور ڈھوڈک گیس فیلڈ سے 120 ایم ایم سی ایف ڈی گیس سوئی ناردن کو دینے کی منظوری بھی دی گئی تھی۔