خبرنامہ

پاکستان سے ایک لاکھ ٹن آم برآمد کیا جائے گا

کراچی ۔ 19 مئی (ملت آن لائن..اے پی پی) پاکستان سے آم کی برآمدات 20 مئی سے شروع کی جارہی ہیں، پاکستان فروٹ اینڈ ویجیٹیبل ایکسپورٹرز امپورٹرز اینڈ مرچنٹس ایسوسی ایشن کے رواں سیزن ایک لاکھ ٹن آم برآمد کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلیٰ وحید احمد کے مطابق گزشتہ سال پاکستان سے آم کی برآمد ہدف سے زائد رہی، گزشتہ سیزن کے لئے ایک لاکھ ٹن آم کی برآمد کا ہدف مقرر کیا گیا تھا تاہم سیزن کے اختتام تک ایکسپورٹ ایک لاکھ 28 ہزار ٹن تک پہنچ گئی تھی جس سے 68 ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا۔ وحید احمد نے بتایا کہ رواں سیزن موسمیاتی تغیر کی وجہ سے پنجاب میں آم کی فصل کو شدید نقصان پہنچا ہے جس کی وجہ سے ایکسپورٹ کا ہدف بھی محتاط رہتے ہوئے ایک لاکھ ٹن مقرر کیا گیا ہے، پنجاب میں آم کے علاقوں میں دیر تک سردی رہنے، ژالہ باری اور تیز ہواﺅں کی وجہ سے پاکستان میں آم کی مجموعی پیداوار 18 لاکھ ٹن میں سے 6 لاکھ ٹن پیداوار متاثر ہونے کا خدشہ ہے، پاکستان میں آم کی مجموعی پیداوار میں پنجاب کا حصہ 67 فیصد ہے جہاں سخت موسم کی وجہ سے 50 فیصد پیداوار کو نقصان پہنچا ہے جبکہ موسم کے حتمی نتائج جون تک پنجاب کی فصل مارکیٹ میں آنے سے ہوگا۔