خبرنامہ

کراچی سرکلرریلوے چینی سرمایہ کارپہنچ گئے

کراچی:(ملت+اے پی پی) کراچی سرکلر ریلوے کے احیا کے لیے غیرملکی خصوصاً چینی سرمایہ کاروں کی غیر معمولی دلچسپی اور سرمایہ کاری کی پیشکش حوصلہ افزا اور خوش آئند ہے، ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ سندھ سید ناصر حسین شاہ نے آج اپنے دفتر میں چین کے سر مایہ کاروں کے وفد سے ملاقات کے موقع پر کیا، چینی وفد میں ین ینگ آنگ، زہنگ یونگ اور سیوڈونگ تیان شامل تھے۔ صوبائی وزیرنے چین کے وفد کو کراچی سرکلر ریلوے کے بارے میں تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ کراچی سرکلر ریلوے منصوبے کو سی پیک منصوبے میں شامل کیا گیا ہے جو شہریوں کیلیے بڑی خوشخبری ہے منصوبے سے نہ صرف عوام کو فائدہ ہوگا بلکہ روزگار کے نئے مواقع دستیاب ہوں گے، صوبائی وزیر نے چینی وفد کو محکمہ ٹرانسپورٹ اور پاکستان ریلوے کے تکنیکی ماہرین پر مشتمل ٹیم کے ہمراہ کراچی سرکلر ریلوے کے روٹ کا دورہ کرانے کے انتظامات کی یقین دہانی کرائی اور متعلقہ افسران کو دورے کے انتظامات کیلیے ہدایات جاری کی۔
چینی وفد نے کہا کہ سی پیک کے حوالے سے دونو ں ممالک کیلیے یہ منصوبہ خاص اہمیت کا حامل ہے وفد نے صوبائی وزیر سے درخواست کی کہ نہ صرف کراچی سرکلر ریلوے کے روٹ کے دورے کیلیے بلکہ سر وے رپورٹ تیار کرنے کے لیے ماہرین کی ٹیم دی جائے سروے کے بعد ہم پاکستانی ٹیکنیکل ماہرین کے ساتھ معلوماتی نشست رکھنا چاہتے ہیں وزیر ٹرانسپورٹ نے چینی سرمایہ کا روں سے کہا کہ سرمایہ کا ری کے لحاظ سے صوبہ سندھ پرکشش مقام ہے حکومتی پالیسیوں کے باعث نہ صرف چین بلکہ دیگر غیر ملکی سرمایہ کار بھی صوبے میں تیزی سے سرمایہ کاری کے لیے رجو ع کررہے ہیں۔ ناصر حسین شاہ نے وفد کو پیشکش کی کہ کراچی سرکلر ریلوے کے علاوہ صوبہ سندھ میں بس ٹرانسپورٹ کے مختلف منصوبے جاری ہیںجن پر سرمایہ کاری کی جاسکتی ہے اور خاص طور پر براؤن لائن منصوبے میں سرمایہ کا ری کرکے اسے جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جاسکتا ہے بس منصوبے میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو حکومت کی جا نب سے ہر قسم کا تعاون اور تکنیکی معاونت فراہم کی جائے گی۔