صدارت سنبھالتے ہی ڈونلڈ ٹرمپ کے بڑے فیصلے، متعدد ایگزیکٹو آرڈرز پر دستخط کر دیے
ٹرمپ نے مجموعی طور پر سابق صدربائیڈن کے 78 صدارتی اقدمات کو منسوخ کرنے کی دستاویز پر دستخط کیے—فوٹو: اے پی
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حلف اٹھاتے ہی پہلے روز سابق صدر جو بائیڈن کے 78 صدارتی اقدامات منسوخ کر دیے اور متعدد نئے ایگزیکٹو آرڈرز پر دستخط کر دیے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کی حلف برداری تقریب کے بعد کیپٹل ون ارینا میں تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں ٹرمپ کے حامیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور پولیس سمیت مختلف اداروں کے دستوں کی جانب سے نو منتخب صدر کو سلامی دی گئی۔
صدر ٹرمپ کے مندوب برائے مشرق وسطیٰ اسٹیو وٹکوف نے بھی خطاب کیا اور تقریب میں اسرائیلی یرغمالیوں کے خاندانوں کا تعارف کر ایا۔
اس موقع پر صدر ٹرمپ نے متعدد ایگزیکٹو آرڈرز پر دستخط کیے اور سابق صدر جو بائیڈن کے 78 صدارتی اقدمات بھی منسوخ کر دیے۔
وائٹ ہاؤس کے مطابق صدر ٹرمپ نے کیپٹل حملے میں ملوث 1500 افراد کو معافی دینے کے آرڈر پر دستخط کیے۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق صدر ٹرمپ نے فیڈرل ملازمین کی بھرتیاں منجمد کرنے کے آرڈر پر دستخط کر دیے۔ٹرمپ نے فیڈرل ملازمین کے لیے گھر سے کام کرنے کے سہولت بھی ختم کر دی۔
ٹرمپ نے امریکا کی پیرس ماحولیاتی معاہدے سے علیحدگی کے آرڈر پر دستخط کیے اور ساتھ ہی مصنوعی ذہانت پالیسی سےمتعلق بائیڈن کا ایگزیکٹو آرڈرمنسوخ کردیا۔