خبرنامہ

غیر ملکی فنڈنگ، عمران خان کا سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کرنیکا مطالبہ

اسلام آباد (ملت آن لائن ) غیر ملکی فنڈنگ کیس میں عمران خان کا سماعت غیرمعینہ مدت تک ملتوی کرنے پر اصرار ، چیف الیکشن کمشنر کہتے ہیں پہلے الزامات کو تسلیم یا مسترد کرنے کا اعتراف تو کریں پھر سماعت ملتوی کرنے کا دیکھیں گے ۔ وکیل کی جواب جمع کرانے کے لیے مزید مہلت کی استدعا منظور ، سماعت چھ جولائی تک ملتوی کر دی گئی ۔ چیف الیکشن کمشنر سردار رضا کی سربراہی میں 4 رکنی الیکشن کمیشن نےعمران خان کی نااہلی کی درخواست پر سماعت کی اس موقع پر عمران خان کے وکیل شاہد گوندل نے پیش ہو کر ممنوعہ ذرائع کے الزام پر سپریم کورٹ کا 13 جون کا حکم نامہ پیش کیا اور موقف اختیار کیا کہ الیکشن کمیشن کے وکیل کو سپریم کورٹ بھی سن چکی ہے ۔ اکبر ایس بابر کا پی ٹی آئی کے خلاف کیس غیر معینہ مدت تک ملتوی کر چکی ہے ۔ ہاشم علی بھٹہ اور اکبرایس بابر کی درخواستیں ایک ہی نوعیت کی ہیں ۔ ہاشم بھٹہ کی عمران خان کے خلاف درخواست بھی غیر معینہ مدت تک ملتوی کی جائے ۔ چیف الیکشن کمیشن سردار رضا نے کہا کہ ہم تو کیس غیر معینہ مدت تک ملتوی کرنے کو تیار ہیں لیکن پہلے جواب جمع کرایا جائے ، پہلے درخواست میں دی گئی وجوہات کو تسلیم کیا جائے یا مسترد ، درخواست گزار ہاشم بھٹہ کے وکیل نے کیس غیر معینہ مدت تک ملتوی کرنے کی استدعا کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ان کی پٹیشن اکبر ایس بابر کی درخواست سے بالکل مختلف ہے جس پر عمران خان کے وکیل نے جواب جمع کرانے کے لئے پھر مہلت دینے کی استدعا کی ۔ الیکشن کمیشن نے عمران خان کو 6 جولائی تک جواب جمع کرانے کی مہلت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی ۔